اقوام متحدہ کو مشرق وسطیٰ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنےچاہئیں، ملیحہ لودھی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مارچ 2015
 اسلام امن ، رواداری اور بھائی چارے کا مذہب ہے، ملیحہ لودھی  فوٹو: فائل

اسلام امن ، رواداری اور بھائی چارے کا مذہب ہے، ملیحہ لودھی فوٹو: فائل

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو عالمی امن اور سلامتی کےلئے عراق ، شام ، یمن اور فلسطین کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے جس کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اقدامات کرنے چاہئیں۔

اقوام متحدہ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کے لئے عراق ، شام ، یمن اور فلسطین کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ مشرق وسطیٰ کے لاکھوں افراد اور خطے کے تمام ملکوں کی معاشرتی طرز زندگی داؤ پر لگ گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو عالمی اتفاق رائے سے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تشدد کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ اسلام امن ، رواداری اور بھائی چارے کا مذہب ہے لیکن اس کا کا تشخص مجروح کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں متعلقہ فریقین کے درمیان مفاہمت کے ذریعے خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ مذہب ، فرقے ، قومیت یا نسل کی بنیاد پر ہر قسم کے تشدد کو روک کر بے گناہ لوگوں کی جانیں بچائی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔