ایپل کے سربراہ کا اپنی تمام دولت فلاحی کاموں کے لئے وقف کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2015
ٹمِ کک کی دولت کا تخمینہ 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لگایا گیا جو پاکستانی کرنسی میں 79 ارب روپے بنتے ہیں۔فوٹو:فائل

ٹمِ کک کی دولت کا تخمینہ 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لگایا گیا جو پاکستانی کرنسی میں 79 ارب روپے بنتے ہیں۔فوٹو:فائل

نیو یارک:  جدید ٹیکنالوجی کے حامل کمپیوٹر اور موبائل فون بنانے والے ادارے ’’ایپل‘‘ کے سربراہ ٹمِ کک نے اپنی تمام دولت کو  فلاحی کاموں کے لئے وقف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بین الاقوامی جریدے ’’فورچون‘‘ میں شائع ہونے والے انٹرویو میں ٹم کک کا کہنا تھا کہ وہ اپنے 10 سالہ بھتیجے کی کالج کی تعلیم کے لیے مطلوبہ رقم الگ کرنے کے بعد اپنی ساری دولت، فلاحی کاموں کے لیے وقف کر دیں گے۔ وہ پہلے بھی کچھ نہ کچھ رقم عطیے کے طور پر دیتے رہے ہیں لیکن اب وہ اسے باقاعدہ منظم طریقے سے کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹمِ کک کی دولت کا تخمینہ 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لگایا گیا جو پاکستانی کرنسی میں 79 ارب روپے بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گو کہ یہ دولت زیادہ نہیں لیکن وہ پھر بھی اس سے دنیا میں کچھ تبدیلی کی امید کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بل گیٹس، وارن بفٹ ، مارک زوکربرگ اور لیر یایلیسن جیسی شخصیات بھی اپنی تمام دولت فلاحی کاموں کے لئے وقف کرچکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔