آئی سی سی نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ جاری کردی

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2015
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا پہلے، بھارت دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے فوٹو: فائل

آئی سی سی کی جاری کردہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا پہلے، بھارت دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے فوٹو: فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے  ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ جاری کردی ہے جب کہ ایک روزہ میچوں کے بولرز کی فہرست میں سعید اجمل کرکٹ سے دوری کے باعث پہلی سے تیسری پوزیشن پر آگئے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ ون ڈے رینکنگ میں پانچویں بارعالمی چیمپئن کا تاج اپنے سرسجانے والی آسٹریلیا سرفہر ست ہے جب کہ بھارت دوسرے اور جنوبی افریقا تیسرے نمبر پر ہے، رینکنگ میں نیوزی لینڈ چوتھی،سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹی جب کہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ ون ڈے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا۔ جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈیویلئرز پہلے، سری لنکا کے کمار سنگاکارا دوسرے اورجنوبی افریقا کے ہی ہاشم آملہ تیسرے نمبرپرہیں جب کہ پاکستان کے مصباح الحق 12 ویں نمبرہیں۔ ایک روزہ میچز کے بولروں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پہلے، جنوبی افریقا کے عمران طاہر دوسرے اورپاکستان کے سعید اجمل تیسرے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقا پہلے،آسٹریلیا دوسرے،انگلینڈ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے جب کہ ٹیسٹ کے بہترین بلے بازوں میں سری لنکا کے کمار سنگا کارا پہلے ، جنوبی افریقا کے اے بی ڈیویلئیزر دوسرے  اور ہاشم آملہ تیسرے نمبر پر ہیں ،پاکستان کے یونس خان آٹھویں  پوزیشن پر موجود ہیں۔

آئی سی سی کی جاری کردہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا پہلے، بھارت دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں بھی کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پہلے ،آسٹریلیا کے ارون فنچ دوسرے اور  انگلینڈ کے ایلکس ہیلز تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے احمد شہزاد 14 ویں پوزیشن پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔