کراچی آپریشن، سندھ حکومت 10 ارب روپے کیلیے وفاق کو خط لکھے گی

اسٹاف رپورٹر  پير 30 مارچ 2015
وفاقی حکومت شایدرقم کے شفاف طریقے سے خرچ ہونے پر شکوک شبہات رکھتی ہے اوروہ حکومت سندھ سے کچھ یقین دہانیاں چاہتی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت شایدرقم کے شفاف طریقے سے خرچ ہونے پر شکوک شبہات رکھتی ہے اوروہ حکومت سندھ سے کچھ یقین دہانیاں چاہتی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

کراچی: حکومت سندھ نے کراچی آپریشن کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے بقیہ10 ارب روپے کی رقم نہ ملنے پرایک مرتبہ پھر وفاقی حکومت کو مکتوب ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ضروری ہدایات دے دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں پہلے بھی وفاقی حکومت کوایک خط لکھاگیاتھا جبکہ یہ معاملہ مختلف مواقع پروزیر اعظم نوازشریف سمیت کے سامنے بھی اٹھایا گیا ہے لیکن تاحال یہ رقم جاری نہیں کی گئی، حال ہی میں وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کے دوران بھی وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے یہ معاملہ اٹھایاتھا،وفاقی حکومت کی جانب سے وعدے کے مطابق رقم جاری کرنے میں تاخیرسے حکومت سندھ کے حلقوں میں اس تاثر کوتقویت مل رہی ہے کہ وفاقی حکومت شایدرقم کے شفاف طریقے سے خرچ ہونے پر شکوک شبہات رکھتی ہے اوروہ حکومت سندھ سے کچھ یقین دہانیاں چاہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کی جانب اس سلسلے میں وفاقی حکومت کولکھے جانے والے خط میں اس تاثر کی وضاحت لینے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔