لندن پولیس نے ایم کیوایم کے رہنما محمد انور کو رہا کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 1 اپريل 2015

لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کے شبے میں گرفتار ایم کیوایم کے رہنما محمد انور کو ضمانت پر رہا کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما محمد انور کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کےشبے ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد ان کے اہل خانہ کو گھر سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا اور میٹروپولیٹن پولیس کے انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے 6 گھنٹے سے زائد ان کے گھر کی تلاشی لی۔

لندن پولیس نے محمد انور کو سینٹرل لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں ان سے  طویل تفتیش کی گئی جب کہ اس موقع پر محمد انور کی قانونی ٹیم بھی پولیس اسٹیشن میں موجود تھی۔ پولیس نے تفتیش مکمل ہونے کے بعد محمد انور کو ضمانت پر رہا کردیا ہے جس کی تصدیق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق محمد انور کو جولائی کے وسط تک ضمانت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لندن پولیس محمد انور کے علاوہ منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد  الطاف حسین سمیت 5 افراد کو حراست میں لے چکی ہے تاہم یہ تمام افراد اس وقت ضمانت پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔