ماڈل ایان علی کیخلاف کرنسی اسمگلنگ کاچالان تیار

قیصر شیرازی  ہفتہ 4 اپريل 2015
ملزمہ کی اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقاتیں خصوصی کمرہ کے بجائے اب عام حوالاتیوں کے شیڈ میں ہوتی ہیں۔ فوٹو : فائل

ملزمہ کی اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقاتیں خصوصی کمرہ کے بجائے اب عام حوالاتیوں کے شیڈ میں ہوتی ہیں۔ فوٹو : فائل

راولپنڈی: محکمہ کسٹم نے 5 لاکھ6 ہزار800امریکی ڈالر بینظیر بھٹوایئرپورٹ سے دبئی اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار معروف ماڈل ایان علی کیخلاف مقدمہ کاچالان تیارکرلیاجوآئندہ دو تین روز میں کسٹم کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں پیش کر دیاجائیگا،گزشتہ روز تفتیشی ٹیم چالان تیارکرکے لائی تھی ۔

جس پر تکنیکی اعتراضات کرکے اسے واپس کر دیا گیا ،چالان میں گرفتارماڈل کو کرنسی اسمگلنگ کاذمے دار قرار دیتے ہوئے کڑی سزا دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ چالان میں صرف ایک ملزمہ ایان علی کو ہی رکھاگیا،چالان کے مطابق ملزمہ مجموعی طور پر81 بار بیرون ملک گئی ۔اس سوال پر ملزمہ کا موقف ہے کہ وہ بیرون ملک شوٹنگ کیلیے جاتی رہی ہے۔

محکمہ کسٹم، سیلز ٹیکس،ان لینڈ ریونیوکی تینوں تفتیشی ٹیمیں گرفتار ماڈل سے کچھ بھی اگلوانے یاکسی اورکیخلاف بیان دلوانے میں ناکام ہوگئی ہیں،ملزمہ کی اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقاتیں خصوصی کمرہ کے بجائے اب عام حوالاتیوں کے شیڈ میں ہوتی ہیں تاہم گرفتار ماڈل اب بھی باہر سے کھانا،جوس منگواتی ہے، اسے کام کاج کیلیے دوخواتین بھی دی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔