عمران خان آج جناح گراؤنڈ کا دورہ کریں گے،ریحام خان بھی ساتھ ہوں گی

عمیر علی انجم  جمعرات 9 اپريل 2015
اگرآج کوئی کشیدگی نہ ہوئی توجلسہ جناح گراؤنڈمیں ہوگاورنہ جلسے کامقام تبدیل کرنے پرغورکیاجائے گا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

اگرآج کوئی کشیدگی نہ ہوئی توجلسہ جناح گراؤنڈمیں ہوگاورنہ جلسے کامقام تبدیل کرنے پرغورکیاجائے گا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزنائن زیروسے متصل جناح گراؤنڈاوریادگارشہدا کادورہ کریں گے جہاں وہ حلقے کے عوام سے ملاقاتیں کریں گے اوریادگارشہداپرفاتحہ خوانی کریں گے ،عمران خان کاآج کادورہ انتہائی اہم ہے۔

اس حوالے سے سیاسی حلقوں میں بازگشت جاری ہے اورعمران خان کایہ دورہ کراچی کے آئندہ سیاسی منظرنامے پرکیااثرات مرتب کرے گااس حوالے سے بھی سیاسی حلقوں میں گفتگو ہورہی ہے،سیاسی حلقوںنے عمران خان کو مشورہ دیاہے کہ متحدہ کے قائدالطاف حسین کے گھرسے متصل جناح گراؤنڈ جائیں توالطاف حسین کی رہائش گاہ پربھی جائیں ۔

سیاست میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں اوریہ بھی مشورہ دیاہے کہ ایم کیوایم کے شہیدکارکنان کی یادگار پر جائیں تواس بات کاخیال رکھیں کہ کوئی ایسی بات نہ ہوجس سے حالات خرابی کی طرف جائیں ، واضح رہے پی ٹی آئی 19 اپریل کوجناح گراؤنڈمیں انتخابی جلسہ کرنے جارہی ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق عمران خان آج کے دورے کے بعدجلسے کے مقام کاحتمی فیصلہ کریں گے،ذرائع کہتے ہیں کہ اگرآج کوئی کشیدگی نہ ہوئی توجلسہ جناح گراؤنڈمیں ہوگاورنہ جلسے کامقام تبدیل کرنے پرغورکیاجائے گا۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان آج (جمعرات) کو دوپہر میںکراچی پہنچیں گی ،وہ این اے 246 میں جاری انتخابی مہم میں حصہ لیں گی اور حلقے کے دورے کے موقع پرعمران خان کے ساتھ ہو نگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔