جماعت اسلامی نے پنجاب اسمبلی میں الطاف حسین کے بیان کیخلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی

ویب ڈیسک  اتوار 3 مئ 2015
وفاقی حکومت الطاف حسین کے بیان کا نوٹس لے، رہنما جماعت اسلامی. فوٹو: فائل

وفاقی حکومت الطاف حسین کے بیان کا نوٹس لے، رہنما جماعت اسلامی. فوٹو: فائل

لاہور: بلوچستان اسمبلی میں الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد منظور ہونے کے بعد جماعت اسلامی نے پنجاب اسمبلی میں بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر وسیم اختر کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں الطاف حسین کے بیان کے خلاف جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے خلاف بیان اور دشمن ملک سے مدد کی اپیل افسوس ناک ہے، وفاقی حکومت الطاف حسین کے بیان کا نوٹس لے اور انہیں اس قسم کے بیانات دینے سے روکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کی جانب سے بھی الطاف حسین کے بیان کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی گئی تھی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔