بھارت، امریکا اور اسرائیل پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک  جمعرات 21 مئ 2015
پاکستان حکمرانی سے نہیں لوگوں کے عزم سے چل رہا ہے، شمشاد احمد، جب تک ہم متحد نہیں ہونگے مسائل حل نہیں ہونگے، عنبرین جاوید ۔ فوٹو: فائل

پاکستان حکمرانی سے نہیں لوگوں کے عزم سے چل رہا ہے، شمشاد احمد، جب تک ہم متحد نہیں ہونگے مسائل حل نہیں ہونگے، عنبرین جاوید ۔ فوٹو: فائل

لاہور: خفیہ ایجنسیوں کا کام تخریب کاری نہیں جاسوسی کرنا ہے۔ ’’را‘‘ کیخلاف ثبوت حاصل کرنے کے لئے حکومت اور آئی ایس آئی کو کائونٹر انٹیلیجنس کرنا ہو گی، اقتصادی راہداری بھارت کو کھٹکتی ہے، وہ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے اور ’’را‘‘ اس مشن پر کام کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار قانونی، دفاعی، سیاسی و خارجہ امور کے ماہرین نے ’’بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی پاکستان میں تخریب کاری‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا، فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے انجام دیے، سابق وفاقی وزیر قانون ایس ایم ظفر نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں کا کام صرف جاسوسی کرنا ہوتا ہے اور یہ فیصلہ حکومت کو کرنا ہوتا ہے کہ کیا قدم اٹھایا جائے لہٰذا ’’را‘‘ کا یہ کام نہیں کہ وہ پاکستان میں تخریب کاری کرے، میرے نزدیک جو بھی کارروائی ہو رہی ہے یہ ضرور بھارتی حکومت کی ایما پر ہو رہی ہو گی۔

اس لیے ہمیں اس مرض کے علاج کے لئے اصل بیماری کی تشخیص کرنا ہو گی، صرف مجرموں کا اعتراف جرم بھارت کے خلاف کارروائی کے لئے کافی نہیں ہو گا، اس کے لئے کائونٹر انٹیلی جنس کرنا ہو گی، سابق سیکریٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہا کہ 71ء سے 3 سال قبل ’’را‘‘ بنائی گئی، جس کا ایک مشن ہے، وہ پاکستان کو کمزور کرنیکا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی اور اسکے پیچھے بھارت کا قومی مفاد ہے، ہمارا مسئلہ بھارت نہیں بلکہ قیادت کا فقدان اور گورننس کی ناکامی ہے اور میرے نزدیک پاکستان حکمرانی سے نہیں بلکہ لوگوں کے عزم سے چل رہا ہے۔ ’’را‘‘ جیسے اداروں کی کارروائیوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہمیں اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرنا ہو گا۔

اقتصادی راہداری کا منصوبہ سیاست کی بھینٹ چڑھ جائیگا کیونکہ دشمن ہمارے اندر بیٹھا ہے اور میرے نزدیک اسکا حال بھی کالا باغ ڈیم جیسا ہو گا لہٰذا اگر یہ کوریڈور بنانا ہے تو سیاستدانوں اور بیوروکریسی کو اس سے دور رکھنا ہو گا، سابق کمانڈر آئی ایس آئی بریگیڈیئر (ر ) اسلم گھمن نے کہا کہ بھارت پاک فوج اور آئی ایس آئی سے ڈرتا ہے، بھارت میں پتا بھی گرتا ہے تو وہ اس کا الزام آئی ایس آئی پر لگاتا ہے، اس وقت گلوبل وار شروع ہو چکی ہے، اسرائیل کے ذریعے عربوں کو لڑایا گیا اور اب وہ تحفظ کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔