پاکستان اورزمبابوے کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا

قومی ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں کئے جانے کا امکان ہے۔


ویب ڈیسک May 29, 2015
قومی ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں کئے جانے کا امکان ہے۔ فوٹو:فائل

ہوم سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور میزبان پاکستان مسائل کا شکار زمبابوے پر فیصلہ کن پنچ لگانے کے لیے تیار ہے۔

دوسرا ون ڈے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا اور گرین شرٹس کو3 میچزکی سیریزمیں 0-1 سے برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں فاسٹ بولرزکی ناقص کارکردگی کے سبب دوسرے ون ڈے کے لیے ٹیم میں تبدیلی کا امکان ہے، انورعلی یا حماد اعظم کی جگہ جنید خان کوفائنل الیون کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ پیس بیٹری میں وہاب ریاض سے ایک بار پھر توقعات وابستہ ہوں گی، اسپنرز کو بھی فلیٹ وکٹ کے باوجود رنز روکنے کی تدبیر کرنا ہوگی، کپتان اظہرعلی، محمد حفیظ اور شعیب ملک ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔

دوسری جانب مہمان ٹیم اگلے دونوں میچزمیں کپتان چگمبرا کی خدمات سے محروم رہے گی، آئی سی سی نے انہیں سلواوورریٹ کی پاداش میں 2 میچز کے لیے معطل کردیا تھا، ٹیم پہلے میچ کے سنچری میکر ان فارم بیٹسمین کی کمی محسوس کرے گی اور ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری ہیملٹن مساکیڈزا اٹھائیں گے،اس سے ان کی اپنی کارکردگی متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہوسکتا ہے، فلو کے باعث دونوں ٹی ٹوئنٹی نہ کھیل پانے والے مڈل آرڈر بیٹسمین کریگ ایرون ایک ہی مقابلے میں شرکت کے بعد ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے،انہیں بھی کپتان کی طرح سیریز کے باقی میچز باہر بیٹھ کر دیکھنا پڑیں گے،چارلس کووینٹری کو آزمایا جائے گا یا بھر روئے کیا کو ڈیبیوکا موقع مل سکتا ہے۔ کرس موفو یا برائن ویٹوری کی جگہ توانڈا مپاریوا کو شامل کرنے کا امکان ہے۔

پاکستانی بیٹسمینوں کی فارم کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ وکٹ پر رنز کا سیلاب روکنا مہمان بولرز کے لیے کڑا چیلنج ہوگا، پرسپر اتسیا نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں گرین شرٹس کو پریشان کیا تھا، ان سے ایک بار پھر امیدیں وابستہ ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار کوئی سیریز 17 ماہ قبل جیتی تھی اور اس بار ہوم گراؤنڈ پر یہ جمود توڑنے کا موقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں