کراچی میں سوتیلے باپ نے ہتھوڑے مارکر 5 سالہ بچے کو مار ڈالا

ویب ڈیسک  منگل 9 جون 2015

 کراچی: کورنگی میں سنگ دل سوتیلے باپ نے ہتھوڑے اور ڈنڈے مار کراپنے 5 سالہ بیٹے کو ہلاک کردیا جب کہ ایک بچہ شدید زخمی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں عمران نامی سوتیلے باپ نے 2 روز قبل اپنے 7 اور 5 سال کے بچوں کامران اور عامر کو شور مچانے پر ڈنڈوں اور ہتھوڑوں سے اتنا مارا کہ ان میں سے ایک دم توڑ گیا۔ سوتیلے باپ کی جانب سے تشدد کیا گیا تو ماں بچوں پر ہونے والا تشدد دیکھتی رہی تاہم چیخ و پکار کے بعد پڑوسیوں نے دونوں بچوں کوعلاج کے لئے قومی ادارہ برائے صحت اطفال پہنچایا جہاں 5 سالہ کامران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ بڑے بھائی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچے کی ماں کو گرفتارکرلیا گیا تاہم سوتیلا باپ عمران فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ متاثرہ بچوں کی ماں اپنے شوہر کو بچانے کے لئے متضاد بیانات دے رہی ہے۔ ملزم عمران کی سوتیلی بیٹیوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنگدل باپ سے متعلق بتایا کہ وہ ہمیں نیند کی گولیاں دیتا تھا اورشور شرابے پر بدترین تشدد کا نشانہ بھی بناتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔