پشاور، اورکزئی میں جھڑپیں، اہلکار شہید، 13شدت پسند مارے گئے

درہ آدم خیل دھماکے کے جاں بحق افراد سپردخاک، جمرودمیںایف سی اہلکارقتل ،مہمندمیں جرگہ،شدت پسندوں کو پناہ نہ دینے کامعاہدہ.  فوٹو: اے ایف پی

درہ آدم خیل دھماکے کے جاں بحق افراد سپردخاک، جمرودمیںایف سی اہلکارقتل ،مہمندمیں جرگہ،شدت پسندوں کو پناہ نہ دینے کامعاہدہ. فوٹو: اے ایف پی

اورکزئی / پشاور / مہمند ایجنسی: پشاور کے نواحی علاقے باڑہ شیخان میں دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ایک بم بھی ناکارہ بنادیا ۔

ایس پی رورل خورشید خان کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ بڈھ بیر کیساتھ ملحقہ علاقہ شیخان عزیز مارکیٹ میں شدت پسندوں نے بم نصب کیا جس پر پولیس، ایف سی اور بی ڈی ایس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور 7 کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا تاہم اس دوران شدت پسندوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک ایف سی حوالدار محمد آیاز شہید ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے تاہم ذرائع کے مطابق زخمی چاروں شدت پسند بھی ہلاک ہوگئے۔

دریں اثنا شہید اہلکار کی نماز جنازہ ایف سی لائن حیات آباد میں ادا کی گئی جس میں ایف سی اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔شہید کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے آبائی گائوں روانہ کردیا گیا۔آن لائن کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ماموزئی میں ڈولتی کے مقام پر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپ میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ان کی ایک گاڑی تباہ کردی گئی، لوئر اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 2مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

مہمند ایجنسی کی تحصیل حلیمزئی میں امن کمیٹی کا جرگہ ہوا جس میں معاہدہ طے پایا ہے کہ دہشت گردوں کو پناہ نہیں دی جائے گی اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے پر 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جرگہ میں ملالہ یوسفزئی پر حملے کی مذمت کی گئی۔ این این آئی کے مطابق درہ آدم خیل میں خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کو مختلف علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا، اتوار کو علاقے میں فضا سوگوار رہی جبکہ مارکیٹیں اور بازار بند رہے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ادھر جمرود بازار میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر لیوی اہلکار کو قتل کردیا گیا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔