جلسے کے بعد آج مخالفین کے منہ بند ہوجائینگے پی پی وزرا

مخالفین کی باتوں سے سندھ کو نقصان اور فیڈریشن میں مینڈیٹ خراب ہوگا، فائدہ دشمنوں کو ہوگا


Numainda Express October 15, 2012
عوام رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ آئینگے، ہاتھ جوڑتے ہیں انڈوں اور ٹماٹروں والی سیاست نہ کی جائے۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے وزراء کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں ہونے والے جلسے کے بعد نہ صرف پی پی کے مخالفین کے منہ بند ہوجائیں گے بلکہ اس کے خلاف ہونیوالے تمام پروپیگنڈے دم توڑ جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پی پی سندھ کے نائب صدر و وفاقی وزیر سیاسی امور مولا بخش چانڈیو اور صوبائی وزیر وضلعی صدر زاہد علی بھرگڑی نے نجی اسپتال کے عقب میں واقع میدان میں بنائے جانے والے جلسہ گاہ میں رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی، ضلعی جنرل سیکریٹری فیاض شاہ، سینئر نائب صدر امان اللہ سیال، لیڈیز ونگ کی صدر نور النساء ابڑو و دیگر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ جلسہ میں جتنی بھی رکاوٹیں کھڑی کردی جائیں لیکن پی پی کے جیالے اور ہمدرد اور چاہنے والے یہ رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ میں پہنچیں گے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ جلسے کے دوران کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے گا مگر کسی نے امن و امان کی صورتحال کو بگاڑنے کی کوشش کی تو اسکے رد عمل میں ریاست حرکت میں آجائیگی۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوگا لیکن مخالفین کی باتوں سے سندھ کو نقصان اور سندھ کا مینڈیٹ فیڈریشن میں ضرور خراب ہوگا جس کا فائدہ سندھ دشمنوں کو ہو گا۔ انھوں نے قوم پرستوں اور مخالف فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ سندھ کو تکرار کی جانب نہ لے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی بل پر اعتراضات کے حوالے سے مخالفین کو بات کرنا ہوگی اور اپنے مؤقف کو ثابت کرنا پڑیگا۔

انھوں نے کہا کہ مخالفین کو ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوںکہ وہ ٹماٹر، انڈوں اور تووںکی سیاست نہ کریں۔ انھوںنے بتایا کہ جلسہ گاہ میں 60 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں، جبکہ فرشی نشست کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بعد ازاںپی پی کے وزراء اور رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں