بینظیر قتل کیس؛ مارک سیگل کا ودیو لنک بیان ریکارڈ کرنے کی تیاریاں مکمل

قیصر شیرازی  پير 29 جون 2015
بیان کے ساتھ اسی روزمارک سیگل پر پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ جرح بھی کریں گے۔  فوٹو: فائل

بیان کے ساتھ اسی روزمارک سیگل پر پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ جرح بھی کریں گے۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں مرکزی ملزم سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کا وڈیو لنک بیان ریکارڈ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

مارک سیگل سے بھی اس بابت رابطہ مکمل ہوگیا ہے اس وڈیو لنک بیان کے لیے کمشنر راولپنڈی آفس میں باقاعدہ عارضی عدالت قائم کردی گئی ہے جس میں بڑی اسکرین کے علاوہ تمام آلات بھی نصب کردیے گئے ہیں جبکہ مارک سیگل کا امریکا سے بیان ریکارڈ کیا جائے گا، اس کے لیے باہم مشاورت سے تاریخ بھی طے کی جارہی ہے،بیان کے ساتھ اسی روزمارک سیگل پر پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ جرح بھی کریں گے۔

اس تاریخ میں التوا نہیں دیا جائے گا مارک سیگل کے بیان کے بعد تفتیشی ٹیم کے بیانات ریکارڈ ہوں گے جبکہ اس اہم ترین مقدمہ کی سماعت آج پیر29جون کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر1 میں ہوگی جس میں مقدمے کے2اہم ترین گواہان بینظیر بھٹو کے سیکیورٹی انچارج ایس ایس پی امتیاز احمد اور خود کش حملہ کے وقت بینظیربھٹو کی گاڑی چلانے والے ڈرائیور جاوید الرحمان کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔ دونوں کی آج اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں طلبی کی گئی ہے،یہ مقدمہ 7 ماہ 6 ماہ 2دن سے زیر التوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔