میڈیا کو ٹارگٹ بنانے کا منصوبہ, ملالہ پر حملے کی سازش پاک افغان بارڈر پر تیار کی گئی ، رحمٰن ملک

مانیٹرنگ ڈیسک / خبر ایجنسیاں  منگل 16 اکتوبر 2012
وزیرستان آپریشن کافیصلہ مشاورت سے ہوگا،فی الحال منصوبہ نہیں،گفتگو،وزارت داخلہ میںاجلاس ،سیکیورٹی صورتحال پرغور۔ فوٹو : این این آئی

وزیرستان آپریشن کافیصلہ مشاورت سے ہوگا،فی الحال منصوبہ نہیں،گفتگو،وزارت داخلہ میںاجلاس ،سیکیورٹی صورتحال پرغور۔ فوٹو : این این آئی

اسلام آ باد: وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہاہے کہ ملالہ پر حملے کی سازش پاک افغان بارڈر پرکی گئی ،سازش میں ملوث افرادکے نام معلوم ہیں ، انہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔

سپریم کورٹ کے باہرمیڈیاسے گفتگو میںانہوںنے کہاکہ طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے تسلیم کر لیا ہے کہ یہ ملالہ پر حملہ انہوں نے کیا ہے، دو ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے لیکن حکیم اللہ محسود کہیں بھی نظر نہیں آیا ، اس حوالے سے آئندہ 5 روز میں تفصیلی رپورٹ پیش کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ کے واقعہ کا شمالی وزیرستان آپریشن سے کوئی تعلق نہیں، آپریشن کا فیصلہ فوجی اورسیاسی قیادت مشاورت سے کریگی اوراس ضمن میںعوام کو اعتمادمیںلیاجائیگا،فی الحال آپریشن کاکوئی منصوبہ نہیںہے، اس حوالے سے بیان توڑ مروڑکر پیش نہیں کرناچاہیے۔

اس وقت تمام ادارے ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں،قومی اہمیت کے معاملات میںسول وملٹری قیادت کی مشاورت سے فیصلے ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ کو سیاسی اورعسکری قیادت کی مشاورت کے بعد بہتر علاج کیلیے برطانیہ منتقل کیا گیا،پاکستانی ڈاکٹروں کا پینل بھی ان کے ہمراہ ہے، قوم ان کی صحت یابی کیلئے دعا کرے، ملالہ پر دوبارہ حملے کی دھمکیاں ملی تھیں،اس لئے برطانیہ منتقلی کے فیصلے کو بعد میں منظر عام پر لایا گیا، آن لائن کے مطابق وزیرداخلہ نے کہاکہ دہشتگردوںنے چند میڈیا ہائوسزاورچنداینکرزکوٹارگٹ بنانے کا منصوبہ بنایاہے۔

اس حوالے سے کئی الرٹس ملے ہیں،اس ضمن میں جامع انٹیلی جنس تفصیلات لی جارہی ہیں،آئی این پی کے مطابق وزیرداخلہ کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا جس میں ملک میںامن وامان کی صورتحال، ملالہ یوسفزئی پر حملے، طالبان کی میڈیا کو دھمکیوں اور سکیورٹی اداروں میں باہمی روابط کے معاملے پر غور کیا گیا، اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کوبہتر بنانے اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے انٹیلی جنس اداروںکیساتھ تعاون بڑھانے کافیصلہ کیاگیا، وزیرداخلہ نے ہدایت کی عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے، انہوں نے ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلیے سخت اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔