تحریک انصاف ڈی جے بٹ کی کروڑوں روپے کی مقروض

ویب ڈیسک  پير 6 جولائی 2015
 ڈی جے بٹ سے بات ہوئی ہے، معاملہ جلد حل کر لیں گے، نعیم الحق۔ فوٹو: فائل

ڈی جے بٹ سے بات ہوئی ہے، معاملہ جلد حل کر لیں گے، نعیم الحق۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف ڈی جے بٹ کی کروڑوں روپے کی مقروض ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے میں 126 روز تک ساؤنڈ سسٹم لگا رہا جس کے 6 لاکھ 50 ہزار روپے یومیہ بنتے تھے، دھرنے کا مجموعی بل 14 کروڑ روپے بنا لیکن پی ٹی آئی کو 20 فیصد رعایت دی جس کے بعد 12 کروڑ روپے کا بل بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ رقم کی ادائیگی کے لئے عمران خان سے رابطہ کیا جس پر انھوں نے ایک کمیٹی تشکیل دی اور پھر مجھے 5 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کئے گئے لیکن دیگر رقم اب بھی باقی ہے۔

ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، رقم ادا نہ کی گئی تو تحریک انصاف کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے ڈی جے بٹ سے بات ہوئی ہے، معاملہ جلد حل کر لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔