اے چاند یہاں نہ نکلا کر

عابد محمود عزام  منگل 14 جولائی 2015

یوں توہمارے معاشرے میں ہر چیز پر اختلاف پایا جاتا ہے، لیکن ایک چیز ایسی بھی ہے، جس پر سب لوگ متفق ہیں اور وہ ہے اختلاف۔ اسی بے حد اختلاف کو دیکھتے ہوئے جون ایلیا نے خوب کہا تھا: ’’آؤکہ اختلاف رائے پر اتفاق کرلیں۔‘‘ اگرچہ اختلاف کا پایا جانا انسانی فطرت کا تقاضا ہے، جس سے پیچھا چھڑانا مشکل ہی نہیں، بلکہ نا ممکن ہے، لیکن شاید ہمارے معاشرے میں لوگ اختلاف کو دینی فریضہ سمجھ کرکرتے ہیں۔

معلوم ہوتا ہے کہ ہم ایک ایسی قوم سے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں جو صرف دنیاوی معاملات میں ہی نہیں، بلکہ شریعت کے اٹل اصولوں میں بھی ڈٹ کر اختلاف کرنے والے مسلمان بن گئے ہیں، جب کہ اپنے ملی اور دینی معاملات میں زبانی کلامی متحد ومنظم ہونے کے دعوے تو بہت کرتے رہتے ہیں، مگر اِس پر ایک آدھ بار ہی عملی مظاہرہ کرکے تھک جاتے ہیں اور پھر اپنا طرہ اْونچا رکھنے کی فکر میں اْس حد کو بھی پہنچ جاتے ہیں۔

جس کی نہ تو شریعت اجازت دیتی ہے اور نہ ہی قانون اپنے اندرکوئی گنجائش رکھتا ہے۔ بہت سے دینی مسائل ایسے ہیں، جن میں اتفاق کرنے سے کوئی دینی ودنیوی نقصان نہیں ہوتا، لیکن صرف اس لیے اتفاق نہیں کیا جاتا کہ اس پر عمل کرنے سے مخالف مسلک کی تائید ہوجائے گی۔ کچھ عرصہ قبل وزیر مذہبی امور کی کوششوں سے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام کی موجودگی میں اسلام آباد کی تمام مساجد میں اذان و نمازکا ایک وقت مقررکرنا طے پایا تھا، لیکن مجال ہے کسی نے بھی ایک دن ہی سہی، عمل کرکے دکھایا ہو۔

پاکستان میں اختلافی مسئلہ چاند کا بھی ہے، جس پر برسوں سے اختلاف چلا آرہا ہے۔ ہر سال حکومت کی جانب سے اس اختلاف کو اتفاق میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔ موجودہ ماہ مبارک کے چاند کے حوالے سے وزیر مذہبی امور سردار یوسف پورے ملک میں ایک ہی دن میں رمضان المبارک کرنے کے لیے کوشاں تھے، لیکن ہوا وہی جو گزشتہ کئی سالوں سے ہوتا آرہا ہے، مسجد قاسم علی پشاور میں ایک دن پہلے ہی چاند نظر آگیا۔ ابھی عید الفطر آنے والی ہے، حکومت ملک بھر میں عید ایک دن کرنے کی متمنی ہے، لیکن یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ ہوگا وہی جو ہر بار ہوتا ہے۔

اسلامی شریعت کے مطابق رمضان کے مہینے کا پہلا چاند دیکھ کر روزہ رکھو، شوال کے مہینے کا پہلا چاند دیکھ کر روزہ ختم کردو اور عید مناؤ۔ اس طرح چاند کا دیکھنا ایک شرعی و مذہبی تقاضا ہے، جس پر صحیح طور پر عمل درآمد ہونا چاہیے، لیکن ملک میں چاند کے معاملے پر ہونے والی ’’دھینگا مشتی‘‘ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ چاند دیکھنے کا شرعی معاملہ ضد اور انا کی بھینٹ چڑھ گیا ہے اور اسی ضد کی بنا پر بعض لوگ حکومتی اعلان ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ چاند کے معاملے پر اسی ضد کو دیکھتے ہوئے حبیب جالب سے معذرت کے ساتھ کہنا پڑتا ہے:

اے چاند یہاں نہ نکلا کر
یہ دیس ہے ’’ضدی‘‘ لوگوں کا

حیران کن طور پر یہ اختلاف صرف رمضان المبارک اورعیدین کے چاند پر نظرآتا ہے، دیگر مہینوں کے چاند پرکبھی کوئی اختلاف سامنے نہیں آتا، جس سے ثابت ہوتا ہے بعض لوگ اپنی انفرادیت ثابت کرنے کے لیے ایک مختلف معاملہ قوم کے سامنے لاتے ہیں۔ اگر وہ چاند دیکھنے میں حق بجانب بھی ہیں تو بھی ریاست کا فیصلہ ماننے میں حرج ہی کیا ہے، جب کہ یہ فیصلہ بھی علمائے کرام نے کیا ہو۔ حکومت پاکستان کی قائم کردہ صوبائی اورمرکزی رویت ہلال کمیٹیوں میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے سرکردہ اورجید علمائے کرام موجود ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات، پاکستان نیوی اور اسپارکو کے نمایندے بھی فنی معاونت کے لیے ہراجلاس میں موجود ہوتے ہیں اور پھر سب کی متفقہ رائے کی روشنی میں اورتمام ممبران کی موجودگی میں چیئرمین مرکزی رویت ِہلال کمیٹی پاکستان چاند کی رویت یا عدم رویت کا اعلان کرتے ہیں۔ رویت ِہلال سے متعلق جو فیصلہ اور اعلان کیاجاتا ہے، وہ تمام ممبران کے اتفاق رائے سے ہوتاہے اور اس فیصلے پر تمام ممبران کے دستخط بھی ہوتے ہیں۔

اس کے باوجود چند افراد کی جانب سے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کیا جاتا ہے، حالانکہ چاند دیکھنے کے لیے قائم ریاستی کمیٹی کے اعلان پر عمل کرنے کو تمام مکاتب فکرکے معتبر علمائے کرام ضروری قرار دے چکے ہیں۔ رمضان المبارک اورعیدین کا شمار مسلم اْمہ کے ان عظیم مذہبی تہواروں میں ہوتا ہے جن کا نفس ہی چاردانگِ عالم میں اخوت ومساوات اور بھائی چارگی کا درس دینا اور عفوودرگزر کو اپنا شعائر بناکر اِسے عام کرنا ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ ملک بھرکے تمام مسلمان ایک ہی دن عیدین منائیں، مگر افسوس صد افسوس کہ معاملہ برعکس ہوتا ہے، ایسا بہت کم ہوا ہے کہ ہمارے ہاں پورے ملک میں ایک ہی روزعید منائی گئی ہو، بلکہ یہاں تو ایک ہی سال میں تین تین عیدیں بھی منائی گئی ہیں۔

جب تک خلافت عثمانیہ کی مرکزیت قائم تھی، پوری امت میں مرکزیت تھی۔ ایک ہی دن روزہ اور ایک ہی دن عید ہوتی تھی۔ عرب اور ہندوستان میں چاند کی تاریخیں ایک ساتھ چلتی تھیں۔ آج ملک میں کمیونی کیشن کی بہترین ارزاں اورعام سہولیات ہیں، جن کے ذریعے رویت ہلال سے متعلق شہادتوں کی شرعی وقانونی قبولیت اور تصدیق اور چاند نظر آنے یا نہ آنے کے معاملے کو حل کرنا زیادہ دقت طلب نہیں ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دنیا ترقی کر کے دوسرے جہانوں کو مسخر کرنے کی فکر میں ہے، لیکن ہم چاند دیکھنے کے مذہبی معاملے پر موجود اختلاف کو بھی ختم نہیں کرسکے۔

ان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے حکومت اور علمائے کرام کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ رویت ہلال کمیٹی کو چاہیے کہ ہر سال چاند دیکھنے سے متعلق اپنا الگ ہی اعلان کردینے والے گروہوں سے رابطہ کرنے کے بعد گفت و شنید سے انھیں اس بات پر قائل کیا جائے کہ ان کا کوئی ایک نمایندہ رویت ہلال کمیٹی سے رابطے میں رہے اور چاند سے متعلق شہادتیں میڈیا اور عوام کو نہ دے، بلکہ رویت ہلال کمیٹی کو دے اور پھر رویت ہلال کمیٹی اس کو پرکھ کر اعلان کرے۔

اس کے ساتھ اہل علم و فن کو چاہیے کہ مندرجہ ذیل عوامل پر غور وخوض کر کے قوم کے سامنے مکمل وضاحت ہونی چاہیے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن عید منانے کی شرعی ضرورت یا حیثیت کیا ہے؟ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی شرعی یا تکنیکی حیثیت یا جواز کیا ہے؟

جب کہ خلافت عثمانیہ میں پوری امت ایک ساتھ عید مناتی تھی اور رویت ہلال کمیٹی کے قیام سے قبل بھی ملک کے مختلف حصوں میں مختلف محل وقوع اور موسموں کے فرق کی وجہ سے نماز، افطار، سحر کے علاوہ عید کے دنوں میں بھی فرق پایاجاتاتھا۔ اس پر کسی کو ایک دوسرے سے اختلاف بھی نہیں ہوتاتھا تو کیا اب یہ ممکن نہیں؟اگر ممکن ہے تو اس کی کیا صورت ہوسکتی ہے؟ اگر اہل علم و فن مل کر ان معاملات کو قوم کے سامنے واضح کردیتے ہیں تو امید کی جاسکتی ہے قوم میں پیدا اختلاف کافی حد تک کم ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔