انٹرسٹی ٹرانسپورٹرز من مانے کرایے وصول کرنے لگے، مسافر پریشان

سید اشرف علی  بدھ 15 جولائی 2015

 کراچی: کراچی سے آبائی علاقوں میں عیدمنانے کے لیے جانے والے مسافروں سے ٹرانسپورٹرزنے کئی گناہ زیادہ کرایے وصول کرنا شروع کردیے ، انٹرسٹی بس ٹرانسپورٹرزنے رمضان کے آخری عشرے میں کرایوںمیں نہ صرف غیرمعمولی اضافہ کردیا بلکہ طویل ودرمیانے فاصلوں پریکساں کرایہ وصول کیاجارہاہے۔

ملک کے دیگر حصوں سے روزگار کیلیے آنے والے محنت کش اور دیگر سکرکاری نجی اداروں کے ملازمین عید منانے کیلیے اپنے آبائی علاقوں میں جارہے ہیں، ان مسافروں کی روانگی کا آغاز ماہ رمضان کے آغاز سے ہی شروع ہوجاتا ہے تاہم رمضان کے آخری عشرے میں انٹرسٹی بس اڈوں میں بے پناہ رش دیکھنے میں آرہا ہے، اندورن ملک سفر کے لیے مسافر بسوں کو ترجیح دیتے ہیں، کراچی سے اندرون سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور آزاد کشمیر جانے والے روٹس پر مسافروں کی گہماگہمی دیکھنے میں آرہی ہے، رمضان کے آخری عشرے میں یہ مسافر انتہائی مشکل سے ٹکٹ حاصل کرتے ہیں۔

لاہور، راولپنڈی ، مانسہرہ کوئٹہ اور دیگر علاقوں کے لیے 500 تا  1000روپے زائد کرایہ وصول کیا جارہا ہے، چاند رات تک کرایوں میں مزید اضافہ کردیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق  کراچی سے اندرون ملک اپنے آباتی علاقوں میں عید الفطر منانے کے لیے جانے والے مسافروں سے ٹرانسپورٹرزنے من مانے کرایے وصول کرناشروع کردیے ہیں ،حکومت ہر سال کی طرح اس باربھی خاموش تماشائی کاکردارکررہی ہے، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ انٹرسٹی بس ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔

بیشتربسوں میں سیٹوں سے زائد مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس دیے جاتے ہیں ، رواں رمضان میں سب سے زیادہ کرایہ لاہور گلگت، بلتستان، کوئٹہ وپشین کا وصول کیا جارہا ہے، بعض ٹرانسپورٹ کمپنیاں کوئٹہ، لاہور اور گلگت جانے والوں سے800 تا ایک ہزارسے زائد وصول کررہی ہیں، حکومت پاکستان کے زیر انتظام چلنے والی نیکٹو بس سروس گلگت جانے کیلیے 4000اور بلتستان جانے کیلیے ساڑھے 4 ہزارروپے کرایہ وصول کررہی ہے، نجی غیرملکی کمپنی پنڈی کا کرایہ 3200وصول کررہی ہے ، ایکسپریس سروے کے مطابق رمضان سے قبل کراچی تا راولپنڈی کرایہ 1800 وصول کیا جارہا تھا آخری عشرے میں 2200 روپے وصول کیا جارہا ہے، میانوالی کا کرایہ 1700روپے تھا جبکہ اب 2200،ہے۔

لاہور کا کرایہ 2000 روپے مقرر تھا تاہم اب 2800روپے وصول کیاجارہا ہے، کراچی سے مظفرآباد 2ہزارروپے کرایہ مقرر تھا تاہم اب 2500روپے وصول کیا جارہا ہے، کراچی سے مانسہرہ کرایہ 1800 روپے تاہم اب چار سو اضافی چارج کیا جارہا ہے، ہری پور، حویلیاں، ایبٹ آباد بھی یکساں کرایہ 2200 روپے وصول کیا جارہا ہے، کراچی سے حیدرآباد ، لاڑکانہ، میرپور خاص کے کرایوں میں بھی 200تا 600روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

رمضان کے اخری عشرے میں پشاورسوات، بونیر وباجوڑ کا کرایہ بھی 300تا 700روپے بڑھادیا گیا ہے، اسوقت پشاور، سوات وباجوڑ کا کرایہ 2500 روپے جبکہ بعض ٹرانسپورٹرز پشاور اور سوات کا کرایہ 2700 روپے تک وصول کررہے ہیں، کوئٹہ و یشین کے کرایوں میں بھی ایک ہزار روپے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، رمضان کے اخری عشرے میں کوئٹہ کا کرایہ 2200روپے وصول کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔