الطاف حسین کےسینئرمہاجرورلڈ کانفرنس کیلیے رابطے

ایکسپریس ڈیسک  بدھ 22 جولائی 2015
مہاجرقوم کے ہزاروں نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیاجارہا ہے لیکن پاکستان کی عدالتوں کی جانب سے مظلوم مہاجروں کو انصاف فراہم کیاجارہا ہے، قائد متحدہ  فوٹو: فائل

مہاجرقوم کے ہزاروں نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیاجارہا ہے لیکن پاکستان کی عدالتوں کی جانب سے مظلوم مہاجروں کو انصاف فراہم کیاجارہا ہے، قائد متحدہ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے’’ سینئر مہاجر ورلڈکانفرنس ‘‘ کے انعقاد کے سلسلے میں پیرکودن بھر کئی سینئر دانشوروں، تاریخ دانوں، ٹیکنو کریٹس اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہاجراکابرین سے رابطہ کیا۔

رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے اس کانفرنس کے انعقادکے حوالے سے کیے جانے والے رابطوں سے آگاہ کیا جس میں دنیابھرسے مہاجر اکابرین ،دانشور، قلم کار اورٹیکنوکریٹس شرکت کریں گے۔ رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ہم اپنے خلاف غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کوصبروتحمل کے ساتھ برداشت کررہے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ظالموں پراپناعذاب ضرورنازل کرے گا۔

الطاف حسین نے کہاکہ جنرل راحیل شریف ایک بہادر اور پروفیشنل فوجی ہیں، ایک ایسے وقت میں جبکہ افغانستان ، ایران اورانڈیاکی سرحدوں کی جانب سے پاکستان پرشدید خطرات منڈلارہے ہیں، ملک میں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔علاوہ ازیں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرواورانٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ میں اپنی والدہ محترمہ خورشید بیگم ولد حافظ حاجی رحیم بخش قادری کی قسم کھاکر کہتا ہوں کہ میں مہاجروں کوان کے جائز حقوق دلانے اور انھیں ان کا جائزمقام دلانے کی جدوجہد اپنی آخری سانس تک کرتارہوں گا۔

ظلم کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال کے نتیجے میں اگر میری موت واقع ہوگئی تومیری موت ،میری قسم کی سچائی کا ثبوت ہو گی۔ الطاف حسیننے سینئرمہاجراکابرین سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’سینئر مہاجرورلڈ کانفرنس ‘‘ میں شمولیت کیلیے اپنے کوائف نائن زیرو یا لندن ارسال کریں۔ تمام سینئر مہاجر جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے ، انگریزی لکھنے اور پڑھنے پرعبور رکھتے ہوں اورسینئر مہاجر ورلڈ کانفرنس میں شمولیت کے خواہشمند ہوں وہ اپنے کوائف ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد پرجمع کرائیں۔

سینئر مہاجرورلڈکانفرنس کے ارکان، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر اور دنیا بھر کے ممالک کا دورہ کرکے انھیں پاکستان میں مہاجروں پر کیے جارہے غیرآئینی وغیرقانونی مظالم سے آگاہ کریں گے۔انھوں نے کہاکہ کانفرنس میں شمولیت کے خواہشمند سینئر مہاجر اپنے نام ، پتے ، تعلیم ، تجربہ، رابطہ نمبرز اوردیگر تفصیلات پر مبنی کوائف (CV ) ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآباد میں جمع کراسکتے ہیں یا ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن کے ای میل ایڈریس [email protected] پربھی ارسال کرسکتے ہیں۔

الطاف حسین نے کہاکہ مہاجرقوم کے ہزاروں نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیاجارہا ہے لیکن پاکستان کی عدالتوں کی جانب سے مظلوم مہاجروں کو انصاف فراہم کیاجارہا ہے نہ ہی عدالتیں مہاجروں پرڈھائے جانے والے مظالم روکنے کیلیے کوئی کردار ادا کررہی ہیں لہٰذا سینئرترین مہاجروں سے میری پرزوراپیل ہے کہ وہ فی الفورایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پررابطہ کرکے اپنے رابطہ نمبرز بھی نوٹ کرادیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔