ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت آج ہوگی

قیصر شیرازی  پير 27 جولائی 2015
ملزمہ کی پیشی کی مناسبت سے سیکیورٹی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

ملزمہ کی پیشی کی مناسبت سے سیکیورٹی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد معروف ماڈل ایان علی کیخلاف مقدمے کی سماعت آج پیر27جولائی کو ہوگی۔

ایان علی 4 ماہ گرفتار رہنے کے بعد آج جیل کے قیدی کے بجائے آزاد حیثیت سے خود عدالت پیش ہوںگی،ملزمہ کی پیشی کی مناسبت سے سیکیورٹی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ماڈل اڈیالہ جیل سے مجموعی طور پر16بار عدالت پیش ہوئی، ملزمہ کے خلاف آج کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں فرد جرم عائد کی جائیگی جبکہ ملزمہ کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں نیا مقدمہ درج کرنے کی کسٹم انٹیلی جنس کی درخواست کی سماعت بھی ہوگی۔

کسٹم عدالت کے جج موسم گرما کی چھٹیوں پر ہیں، اس لیے ملزمہ کو آج ڈیوٹی جج بینکنگ عدالت صابر سلطان کی عدالت میں پیش کیا جائیگا، ڈیوٹی جج نگران جج ہونے کے باعث کوئی کارروائی نہیں کر سکیں گے اسلیے سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگی۔ وکلا ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ کسٹم جج نہ ہونے کے باعث ملزمہ کی طرف سے عدالت پیش ہونے کا امکان بھی کم ہے،علاوہ ازیں ایان علی 30جولائی کو اپنی 25ویں سالگرہ منائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔