کراچی آپریشن کے خلاف متحدہ کا وائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ

ایکسپریس ڈیسک  پير 27 جولائی 2015
حکومت مہاجروں کے قتل عام میں برابر کی شریک ہے، امریکا اثرورسوخ استعمال کرے، مقررین

حکومت مہاجروں کے قتل عام میں برابر کی شریک ہے، امریکا اثرورسوخ استعمال کرے، مقررین

واشنگٹن: کراچی میں مہاجروں پر ریاستی آپریشن کے خلاف ایم کیوا یم امریکا کے زیر اہتمام واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے سامنے بڑااحتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے میں ایم کیو ایم امریکا کی سینٹرل کمیٹی کے اراکین، چیپٹر انچارج فیصل عثمان، چیپٹر کمیٹی کے اراکین، امریکا میں مقیم پاکستانیوں، مختلف شعبہ جات کے ذمے داران، خواتین ، بچوں، نوجوانوں، بزرگوں سمیت کارکنان اور ہمدردوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین الطاف حسین اور مہاجروں کے لیے علیحدہ صوبے کے حق اورمہاجروں پرکراچی میں ریاستی مظالم کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔ مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہاجروں کی غیر قانونی گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

مظاہرے کے شرکا سے اپنے خطاب میں مقررین نے مہاجر قوم اب اپنی بقاکے لیے عالمی برادری کی جانب دیکھنے پر مجبور ہے، آج کے مظاہرے کا مقصد امریکا سمیت بین الاقوامی برادری کی توجہ مہاجروں کی حالت زار پرمبذول کرانا ہے۔ مقررین نے صدر باراک اباما، امریکی سینیٹ اور کانگریس کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ مہاجروں کی نسل کشی رکوانے کے لیے پاکستانی حکومت اور ریاست پر اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔ مظاہرہ ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہا جس کے آخر میں قائد تحریک الطاف حسین کی سلامتی ، شہیدوں کے لیے مغفرت اور مہاجر قوم کے بہتر مستقبل کے لیے دعا کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔