مصری حکمران شہری حقوق کا تحفظ کریں، ہلیری کلنٹن

ایکسپریس اردو  پير 16 جولائی 2012
فوجی کونسل کے سربراہ سے ملاقات،صدر محمد مرسی کو اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے تبادلہ خیال  (فوٹو ایکسپریس)

فوجی کونسل کے سربراہ سے ملاقات،صدر محمد مرسی کو اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے تبادلہ خیال (فوٹو ایکسپریس)

قاہرہ: امریکی وزیرِخارجہ ہلیری کلنٹن نے مصر کی فوجی کونسل کے سربراہ فیلڈ مارشل محمد حسین تنطاوی سے ملاقات میں مصری شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ نے صدر محمد مرسی کو اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام مصری شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق ملک میں اقتدار کی منتقلی اور فوجی کونسل کے صدر کی مرسی کے ساتھ جاری بات چیت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، امریکی وزیر خارجہ نے مصر میں خواتین اور اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ قاہرہ میں فوجی قیادت سے ملاقات کے بعد مصر کے دوسرے بڑے شہر اور اخوان المسلمین کے مضبوط گڑھ اسکندریہ جائیں گی اور وہاں سے اسرائیل روانہ ہو جائیں گی۔

اس سے پہلے انھوں نے مصری صدر سے ہونے والی ملاقات میں کہا تھا کہ امریکا مصر میں جمہوریت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا ’ہم اچھے دوست بننا چاہتے ہیں اور جمہوریت کی حمایت کرنا چاہتے ہیں جو مصری عوام نے قربانیاں دے کر حاصل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔