شمالی کوریا کا گھڑیوں کو پیچھے کرکے ’پیانگ یانگ‘ ٹائم نافذ کرنے کا فیصلہ

رائٹرز / ویب ڈیسک  جمعـء 7 اگست 2015
شمالی کوریا نے اپنے سخت بیان میں کہا ہے کہ جاپان نے کوریا پر قبضہ کرکے ناقابلِ معافی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ فوٹو: فائل

شمالی کوریا نے اپنے سخت بیان میں کہا ہے کہ جاپان نے کوریا پر قبضہ کرکے ناقابلِ معافی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ فوٹو: فائل

سیؤل: شمالی کوریا نے جاپانی تسلط سے آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر اپنی گھڑیوں کو 30 منٹ پیچھے کرکے ’پیانگ یانگ‘ ٹائم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق اس سے قبل شمالی کوریا اور اس کے حریف ملک جنوبی کوریا اور جاپان کا وقت یکساں تھا، جسے بدل کر اب ’پیانگ یانگ‘ وقت کا نام دیا گیا ہے جو 15 اگست سے ملک بھر پر لاگو ہوجائے گا۔ اس موقع پر کے سی این اے نے جاپان کے خلاف ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ بزدل جاپانیوں نے نہ صرف کوریا کو اس کی 5 ہزار سالہ تاریخ اور تہذیب سے دور رکھا بلکہ اس کے معیاری وقت سے بھی اسے محروم کیا جو کوریائی عوام پر جبر کا ناقابلِ معافی عمل ہے۔

شمالی کوریا 1910 سے 1945 تک جاپان کے تسلط میں رہا اور جاپانی حکمرانوں کی جانب اس کے معیاری وقت کو پیچھے کرکے اپنے وقت کے لحاظ سے منظم کردیا تھا۔ اب شمالی کوریا کا وقت نصف گھنٹے پیچھے کرنے کے بعد پیانگ یانگ کا معیاری وقت پاکستان سے ساڑھے چار گھنٹے پیچھے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔