امریکی شہری نے شیطان بھگانے کے لیے بیوی کا سر قلم کردیا

رائٹرز  اتوار 9 اگست 2015
عدالت نے کینتھ کو بیوی کا قاتل قرار دیتے ہوئے اس پر 20 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے، فوٹو:فائل

عدالت نے کینتھ کو بیوی کا قاتل قرار دیتے ہوئے اس پر 20 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے، فوٹو:فائل

فینکس: امریکی ریاست ایریزونا میں ایک شخص نے شیطان کو بھگانے کے لئے اپنی بیوی اور دو کتوں کے سر کاٹ دیئے۔

امریکی ریاست ایریزونا میں لوگوں کی جانب سے دی گئی اطلاع پر پولیس کو ایک گھر میں کارروائی کے دوران ایک عورت کی سر کٹی لاش اور اس کے دو کتوں کو مردہ حالت میں برآمد کیا تھا۔ عورت کی شناخت ٹرینا ہائش کے نام سے ہوئی تھی، شواہد کی روشنی میں پولیس نے ٹرینا کے شوہر کینتھ ڈیل ویکفیلڈ  کو گرفتارکیا تھا۔عدالت میں ملزم کے خلاف پیش کی گئی چارج شیٹ میں پولیس نے کینتھ پر الزام عائد کیا کہ اس نے پہلے اپنی بیوی کو قتل کرکے اس کا سر تن سے جدا کیا اور پھر اس کے بعد اپنے دونوں پالتو کتوں کو بھی مار کر ان کے سر قلم کئے تھے۔

کینتھ نے پولیس کے سامنے بھی اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ اپنی بیوی کے جسم میں موجود شیطان کو بھگانا چاہتا تھا جس کے لئے پہلے اس نے  منشیات کی اچھی خاصی مقدار استعمال کی، پھر بیوی اور بعد میں دونوں پالتو کتوں کو قتل کرکے ان کے سر تن سے جدا کردیئے۔ اس واردات کے بعد اس نے اپنا ایک بازو کاٹنے کی کوشش کی اور اپنی ایک آنکھ بھی ضائع کردی تھی۔ کینتھ کے پڑوسیوں کے مطابق اس نے 2003 میں شادی سے قبل اپنے گھروالوں پر بھی قاتلانہ حملہ کیا تھا جب کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ  اس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں۔ عدالت نے کینتھ کو بیوی کا قاتل قرار دیتے ہوئے اس پر 20 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے تاہم اسے سزا مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔