شمالی وزیرستان میں آپریشن ہواتوالیکشن نہیں ہونگے،شیخ رشید

وقائع نگار  جمعرات 18 اکتوبر 2012
فوری منصفانہ الیکشن کرائے جائیں، 19 اکتوبر کو جلسہ ہرصورت کامیاب کرینگے،پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

فوری منصفانہ الیکشن کرائے جائیں، 19 اکتوبر کو جلسہ ہرصورت کامیاب کرینگے،پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

ملتان: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ ملک خانہ جنگی کی دہلیزپر پہنچ چکاہے اورملک کونقصان کی صورت میں سیاستدان، جرنیل اور ججز سب ذمے دارہونگے۔

شمالی وزیرستان میں آپریشن ہوا تو پھر الیکشن نہیں ہونگے اورسلیکشن کاانتظار کرناپڑے گا،ملالہ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں تاہم برٹش ٹی وی کاملالہ حملے کووقت دینالوگوں میں شکوک وشبہات پیداکرتاہے۔پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ملک بربادی کی طرف جارہاہے،2600ارب روپے کابجٹ خسارہ کون پوراکرے گا۔انھوں نے کہاکہ حساس تنصیبات پرحملے بھارت کی طرف سے ہورہے ہیں، پاکستان کے خلاف غیراعلانیہ جنگ شروع ہو چکی،سپریم کورٹ کاصرف یوسف رضاگیلانی کوہٹانے والا فیصلہ مانا گیا اوراس ماننے کے پیچھے صدرکاہاتھ تھا،صرف سیاستدان ہی نہیں بیوروکریسی میں بیٹھے دہری شہریت والوںکوبھی فارغ کیا جانا چاہیے۔

ملتان میں جاوید ہاشمی،شاہ محمودقریشی کی حمایت اوریوسف رضا گیلانی کی مخالفت کرینگے،الیکشن کمشنر کی طرح نگراں حکومت بنانے کیلیے بھی معاملات طے ہو چکے ہیں،ملک میں ایساکوئی سیاستدان نہیں جس کواسٹیبلشمنٹ نے نہ پالاہویااس نے فوجی بیرکوں میں انڈے نہ دیے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ڈی سی او ملتان نسیم صادق ہمارے جلسہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے بینرز اتار رہے ہیں، انہیں وارننگ دیتاہوں کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں،19اکتوبرکوہونے والے جلسے کو ہرصورت کامیاب کرینگے۔ آئی این پی کے مطابق شیخ رشیدنے کہاکہ ججوں اور فوج کی نگرانی میں فوری منصفانہ الیکشن کرائے جائیں،وزیرستان میں آپریشن سے پہلے مذاکرات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔