بالی ووڈ میں ناکامی کے بعد پلوی شاردا نے ہالی ووڈ میں انٹری دیدی

شوبز ڈیسک  ہفتہ 22 اگست 2015
بالی ووڈ میں دوبڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے باوجود میری پرفارمنس کا نوٹس نہ لیے جانے پر مایوسی ہوئی، پلوی شاردا ۔  فوٹو : فائل

بالی ووڈ میں دوبڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے باوجود میری پرفارمنس کا نوٹس نہ لیے جانے پر مایوسی ہوئی، پلوی شاردا ۔ فوٹو : فائل

ممبئی: رواں برس ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’’ہوائی زادہ‘‘ کی اداکارہ پلوی شاردا کو ہالی ووڈ فلم میں سائن کرلیا گیا ۔ بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق  27 سالہ اداکارہ گارتھ ڈیوس کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم ’’ لائن ‘‘ ( Lion ) میں اہلی ووڈ اداکارہ نکل کڈمین کے ساتھ کام کریں گی اور ان کا کردار فلم کے ہیرو دیو پٹیل کی دوست کا ہوگا ۔

مصنف ’’سارو بیرلیز‘‘ کے ناول ’’ اے لانگ وے ہوم‘‘ پر بنائی جانیوالی فلم ایک ایسے لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو بھارتی شہر کولکتہ کی گلیوں میں اپنے والدین سے بچھڑ جاتا ہے اور اسے ایک آسریلین خاندان اپنا لے پالک بیٹا بنا لیتا ہے ۔ 25 سال کی عمر میں پہنچنے پر یہ لڑکا اپنے والدین کی تلاش شروع کردیتا ہے اور اس سلسلہ میں مشہور ویب سائٹ ’’گوگل ارتھ‘‘ کا سہارا لیتا ہے۔ اس دوران پلوی شاردا اس کی دوست بن جاتی ہے اور والدین کو تلاش کرنے میں اس کا ساتھ دیتی ہے ۔

پلوی شاردا نے ہالی ووڈ میںکام کرنے کے سوال پر کہا کہ ممبئی فلموں میں کام کی خواہش لے کر آئی تھی اور یہاں 2 بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے باوجود میرے پاس اس وقت بالی ووڈ کی کوئی فلم نہیں ہے اور نہ ہی کسی نے مجھے مزید کام کرنے کی کوئی پیشکش کی ہے جس سے میں بہت مایوس ہوگئی ۔

گزشتہ برس ہالی ووڈ سے فلم کی پیشکش ہوئی تو فوراً حامی بھر لی ۔اب اپریل اور مئی میں ملبورن جہاں میںپیدا ہوئی ہوں میں فلم کے کچھ مناظر عکس بند کروادیے ہیں اس دوران مجھے نکول کڈمین اور فلم کی دوسری کاسٹ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ ان دنوں مکمل طور پر آرام کررہی ہوں اور جونہی فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع ہوگی میں پھر سے مصروف ہوجاؤں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں 27سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسی برس آسٹریلین کرکٹر بریٹ لی کی بالی ووڈ میں پہلی فلم ’’ان انڈین‘‘ میں خصوصی کردار میں نظر آؤں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔