ملک پر مسلط سیکولر قیادت فتنہ ہے ،محمد حسین محنتی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 19 اکتوبر 2012
جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس سے مقررین کا خطاب، فوٹو : فائل

جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس سے مقررین کا خطاب، فوٹو : فائل

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد نسیم نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالتؐ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

ملالہ پر حملہ قابل مذمت ہے مگر اس کی آڑ میں سیکولر جماعتیں امریکی ایما پر توہین آمیز فلم کیخلاف اٹھنے والے احتجاج کو سبو تاژ کرنا چاہتی ہیں، علما ئے کرام کی فہرستیں مانگنے والے قوم کو بتائیں کہ وہ جامعہ حفصہ کی معصوم طالبات کے قتل عام پر کیوں خاموش تھے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج رضوان مسجد فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس سے خطاب میں کیا،کانفرنس سے کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، جمعیت طلبہ عربیہ کے منتظم اعلیٰ محمود شبیر ، آدم سمیع اور محمد شفیق نے بھی خطاب کیا۔

راشد نسیم نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلیے دینی مدارس کے طلبا کے کردار کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبا تحفظ ناموس رسالتؐ کے بڑے سپاہی ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ ملک پر مسلط سیکولر قیادت فتنہ ہے جس کے باعث قوم سخت آزمائش اور ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدیں غیر محفوظ ہیں، مغرب نے اسلام پر جنگ مسلط کررکھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔