زیریں سندھ میں نادہندگان کیخلاف حیسکو کاآپریشن ، ہزاروں بجلی کنکشن منقطع

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 19 اکتوبر 2012
  لطیف آباد، قاسم آبادکے بلدیاتی اداروں، اسکولوں، سرکاری دفاتر اور ٹنڈو الہیار کے 36دیہات کی بجلی کاٹ دی گئی

لطیف آباد، قاسم آبادکے بلدیاتی اداروں، اسکولوں، سرکاری دفاتر اور ٹنڈو الہیار کے 36دیہات کی بجلی کاٹ دی گئی

حیدر آباد: حیسکو ریجن نے سندھ کے 12 اضلاع میں 2لاکھ سے زائد نادہندگان سے 42 ارب کے واجبات کی وصولی کیلیے 15 ٹیمیں تشکیل دیکر وصولی مہم شروع کر دی۔

حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے کالونیوں سمیت سرکاری اور نجی اداروں کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ حیسکو ترجمان کے مطابق کروڑوں روپے کی نا دہندگی پر حیدرآباد، نوابشاہ، اڈیرولال، میرپورخاص، کوٹری، ٹنڈو آدم، شہدادپور ریلوے اسٹیشنز اور ریلوے کالونیوں کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے، ان کے ذمے واجبات ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ادا نہیں کیے گئے۔ وصولی مہم کے سلسلے میں جمعرات کو حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو آدم، نوابشاہ، ٹھٹھہ، جامشورو میں تقریباً 3 ہزار 288 کنکشنز واجبات کی عدم ادائیگی پر منقطع کیے گئے اور 56 لاکھ، 74 ہزار 8 سو روپے کی وصولی کی گئی۔

نادہندگان میں وفاقی، صوبائی اداروں سمیت نجی ادارے اور تعلیمی ادارے اور درجنوں دیہات شامل ہیں، جمعہ کو منقطع کیے گئے بجلی کنکنشنز میں ٹنڈو محمد خان کی ایریگیشن کالونی، ٹی ایم اے کے دفاتر، پوسٹ آفس، ماتلی کے واٹر سپلائی، ٹی ایم اے کے دفاتر بھی شامل ہیں، جبکہ ٹنڈو الہیار میں 36 دیہات کی بجلی بھی منقطع کر دی گئی۔حیدرآباد میں بھی لطیف آبادکے واٹر سپلائی اور سیوریج کے کنکشنز منقطع کر دیے گئے جس سے لطیف آباد نمبر 12 اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت جبکہ گلیوں اور سڑکوں پرگندا پانی جمع ہوگیا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حیسکو نے عدم ادائیگی پر سب ڈویژن قاسم آباد میں ایچ ڈی اے ڈرینج سسٹم کے 10 ، گورنمنٹ اسکولز کے9، ریونیو آفس کے 2 ، ایگریکلچر کا ایک کنکشن، سندھ میوزیم اور ٹی ایم اے قاسم آباد کی اسٹریٹ لائٹ، ریلوے اسٹیشن، ریلوے آفس اور ریلوے کالونی کالونی، ایچ ڈی اے کے تلسی داس ڈرینج سسٹم، مانا ڈھوری پمپنگ اسٹیشن، ٹی ایم اے سٹی کے علاوہ ٹی ایم اے لطیف آباد کے واٹر سپلائی، سیوریج اور فائر بریگیڈ کی بجلی منقطع کر دی ہے۔

ٹنڈو الٰہیار سے نامہ نگار کے مطابق ایکس ای این ٹنڈوالٰہیار نجم الدین ابڑرو نے جمعرات کو ضلع بھر میں کارروائی کرتے ہوئے بجلی کے بل ادا نہ کرنیوالے ہزاروں صارفین کے کنکشن کاٹ دیے جن میں 36 دیہات، 37 انڈسٹریل کنکشن، 89 زرعی ٹیوب ویل، XEN آفس پبلک ہیلتھ ٹنڈوالٰہیار، ٹنڈو جام ڈرینج اسکیموں سمیت 37 اسکارپ ٹیوب ویل شامل ہیں۔ سجاول میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن سیکڑوں غیر قانونی کنکشن کاٹ کر تار اتار لیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔