2012 تا 2014؛ 30 بینکوں نے بااثر افراد کے 20 ارب کے قرضے معاف کئے

زاہد گشکوری  پير 24 اگست 2015
حکومت معافی کی پالیسی پر نظرثانی کرے، بہترنظام کیلیے قانون سازی کرے،فرحت اللہ بابر  فوٹو: فائل

حکومت معافی کی پالیسی پر نظرثانی کرے، بہترنظام کیلیے قانون سازی کرے،فرحت اللہ بابر فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سابق اور موجودہ حکومتوں میں شامل اہم افراد کو نوازنے کےلئے 2012 سے 2014 کے دوران 30 بینکوں نے 20 ارب روپے کے قرضے معاف کئے اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ایکسپریس ٹریبیون کو ملنے والی بینکوں کے نام کے ساتھ معاف کرائے گئے قرضوں کی سمری سے انکشاف ہوتا ہے کہ 2000 سے زائد صارفین نے بادی النظر میں بینکوں اور مالیاتی اداروں سے رقوم معاف کرانے کیلیے اپنا اثر رسوخ استعمال کیا۔ یہ سب اس کے بعد رونما ہوا جب اسٹیٹ بینک نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ ملک کے بااثر افراد نے 1997سے 2009کے درمیان مختلف حکومتوں میں 403ارب روپے کے قرضے معاف کرائے۔

2012 سے 2014کے درمیان بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں سرفہرست آزاد کشمیر کے صدرسردار یعقوب خان ہیں جنھوںنے 2012 میں 9.009 ملین روپے کے قرضے معاف کرائے۔ ان کے پریس سیکریٹری نے قرضے کی معافی کی تصدیق کی لیکن زور دیاکہ پولی پراپلین کے قرضے کی معافی کے لیے بینک پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ڈالا گیا۔ان کا قرضہ بینک کی پالیسی کے تحت کسی دوسرے عام صارف کی طرح معاف کیا گیا۔

عبدالحفیظ پیرزادہ کی انڈس ویلی نے 105.7 ملین جب کہ مرحوم ایم این اے غلام مصطفیٰ شاہ کی لاڑ شوگر ملز نے 73 ملین روپے کے قرضے معاف کرائے۔ ایم این اے اویس لغاری اور ایم اپی اے جمال لغاری کی ڈیرہ غازی آئل مل نے 3.67 ملین کی رقم معاف کرائی۔ رابطے پر اویس لغاری نے بتایا کہ معاف کرائی گئی رقم صرف مارک اپ کی تھی اور کوئی اصل رقم معاف نہیں کرائی گئی۔

مانڈوی والا پلاسٹک انڈسٹری نے 2012 میں 14.6 ملین کا قرضہ معاف کرایا۔ اس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا، عظیم مانڈوی والا، ندیم مانڈوی والا، شیریں مانڈوی والا اور قلب عباس شامل ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بینک ہمیشہ صارفین کے قرضے معاف کرتے ہیں، یہ کوئی جرم نہیں۔ میرا کاروبار بند ہوگیا لہٰذا قرضے معاف کرانے کے لیے ہماری قانونی پوزیشن بہت مضبوط تھی۔ ممتاز تعمیراتی کمپنی، حبیب رفیق لمیٹڈ نے 26.539ملین روپے کی معافی حاصل کی۔ کمپنی کے ترجمان نے موقف اختیار کیا کہ ہمارا کاروبار اس حالت میں نہیں تھا کہ رقم ادا کی جاتی۔ بچانی شوگرمل نے جو پیپلزپارٹی کے ایم این اے عبدالستار بچانی کی ملکیت ہے۔

22ملین کاقرضہ معاف کرایا۔ ان کاکہنا ہے کہ پرائیویٹ بینک ہمیشہ میرٹ پرقرضے معاف کرتے ہیں۔ اس میں کسی قسم کی بھی نوازش شامل نہیں۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابرنے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قرضے معاف کرانے کی مرکزی بینک کی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ بینکوں کا نظام بہتر کرنے کے لیے نئی قانون سازی ہونی چاہیے جس کے تحت تمام کسٹمرزسے یکساں سلوک کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔