چینی فضائی کمپنی نے ایئرہوسٹس کو موٹاپے کے سبب جہاز سے اتار دیا

ویب ڈیسک  پير 24 اگست 2015
دنیا بھر میں فضائی عملے کے لیئے وزن کے معیار مقرر ہیں،فوٹو:فائل

دنیا بھر میں فضائی عملے کے لیئے وزن کے معیار مقرر ہیں،فوٹو:فائل

بیجنگ: چین کی ایک فضائی کمپنی نے اپنی ایئر ہوسٹس کو موٹا ہونے کی وجہ سے اسے جہازسے اتارتے ہوئے ملازمت سے بھی برطرف کردیا۔

چینی اخبار کے مطابق چین کی مقامی فضائی کمپنی نے اپنی ایک خاتون فضائی میزبان کو  اس کے زیادہ وزن  کی وجہ سے نہ صرف اسے جہاز سے اتار دیا بلکہ اسے ملازمت سے بھی برطرف کردیا۔ فضائی کمپنی کے ایک اہلکار کے مطابق ایئر ہوسٹس کو فلائٹ سے روکنے کی یہ وجہ بتائی گئی کہ اس کا وزن کمپنی کی جانب سے فضائی عملے کے لیے مقررکردہ وزن سے زیادہ تھا۔

دوسری جانب فضائی کمپنی کے ترجمان نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ایئر لائن نے عملے کے جسمانی وزن کے لیے سخت معیار طے کررکھا ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں تاہم کمپنی نے عملے کے کسی بھی فرد کو اس بنیاد پر جہاز سے اتارا اور نہ ہی ملازمت سے برطرف کیا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں فضائی عملے کے لیے وزن کے معیار مقرر ہیں اور ایوی ایشن حکام کی جانب سے اس کے لیے سخت قوانین بھی بنائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود دنیا کی چند بین الاقوامی فضائی کمپنیاں ہی ہیں جو ان معیارات پر سختی سے عمل پیرا ہوتی ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔