اسکرین پلے، ڈرامہ نگاری کیلیے آن لائن ’’قلم باز‘‘ کورس کا آغاز

شوبز رپورٹر  منگل 25 اگست 2015
چھ ماہ کی ٹریننگ کے بعد اگلا مرحلہ اسکرپٹ رائٹرز کے لکھے اسکرین پلے کی فروخت ہوگا، گفتگو ۔  فوٹو : فائل

چھ ماہ کی ٹریننگ کے بعد اگلا مرحلہ اسکرپٹ رائٹرز کے لکھے اسکرین پلے کی فروخت ہوگا، گفتگو ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: دو سال سے ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں باکس آفس پر رنگ جمانے کی کوشش کرتی نظر آرہی ہیں لیکن فلمی ناقدین ان فلموں سے کچھ زیادہ متاثر نظر نہیں آرہے جس کی بنیادی وجہ کمزور کہانی اور بے جان اسکرپٹ ہے، فلم میں کیمرے کا استعمال، لوکیشنز کی ترتیب سب کچھ قابل تعریف ہے لیکن فلم کی کہانی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہے۔

اسی پہلو کو مد نظر رکھتے ہوئے نامور پاکستانی فلم ’’جوش‘‘ کی ہدایت کار ارم پروین بلال نے ’’قلم باز‘‘ آن لائن کورس کا آغاز کیا ہے جس میں پاکستانی فلم میکرزکی جانب سے اسکرین پلے‘ ڈرامہ لکھنا سکھایا جائے گا۔ اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ارم پروین بلال کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کے آج میرا خواب تعبیرکی منازل طے کرنے کے درپے ہے۔

مجھے یقین نہیں آرہا کہ صرف آٹھ ماہ قبل شروع کی جانے والی جدو جہد آج اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ لوگ اپنے خیالات ہم سے آکر شیئر کرتے ہیں اور ہم ان کے خیالات کو فلمی اسکرپٹ میں ڈھال کر ان کے خیالات کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں جو کہ یقینا پہلے ایک مشکل سفر تھا لیکن اب اس پلیٹ فارم کی بدولت انتہائی سہل ہوگیا ہے۔

اسکرین پلے کے لیے چھ ماہ میں ڈرامہ لکھنا سکھانے کا خیال قلم بازکے تحت 2014ء میں عمل میں آیاجس میں عالمی شہرت یافتہ 6 معروف ڈرامہ رائٹرز عافیہ نتھینئل ، سمیت روئے، امیت کمار، سمیر گردیزی، زیک شیخ ، اور موسیٰ سعیدکے معیارکے مطابق اسکرین پلے اور اسکرپٹ رائٹنگ کے گن سکھائے جائیں گے۔

چھ ما ہ میں لکھنا سکھانے کے اختتامی مراحل کے بعد اگلا مرحلہ اسکرپٹ رائٹرز کے لکھے ہوئے اسکرین پلے کو مصنف کی قیمت اور پچنگ کے فن کو فروخت کرنا سکھانا ہے جس کے لیے ندیم مانڈوی والا، وجاہت روف، ارم پروین بلال اور فیصل کپاڈیہ اپنی خدمات فراہم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔