جاپانی کمپنی نے چہرہ دیکھ کر جذبات جاننے والا اینڈرائڈ فون روبوٹ تیار کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 اکتوبر 2015
8 انچ لمبے اس دلچسپ روبوٹ کو چھوٹے بیگ اور جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔

8 انچ لمبے اس دلچسپ روبوٹ کو چھوٹے بیگ اور جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔

ٹوکیو: جاپانی کمپنی کی جانب ایک کھلونا روبوٹ تیار کیا گیا ہے جو درحقیقت ایک ایسا فور جی اسمارٹ فون ہے جو نہ صرف ڈانس کرتا ہے بلکہ چہرے کو دیکھ کر انسان کے جذبات بھی جان سکتا ہے۔

جاپانی کمپنی کے اس روبوٹ کا نام ’’روبوہون‘‘ ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ لوگوں کے چہرے کو دیکھ کر ان کے جذبات جان لیتا ہے اور اسی مناسبت سے اپنا ردِعمل ظاہر کرتا ہے اس کے علاوہ وہ لوگوں سے بات کرکے کیمرے کی طرف مسکراکر دیکھنے کی ہدایات کرتا ہے اور نئے ایس ایم ایس آنے پر اپنی آواز میں اس کی اطلاع بھی دیتا ہے۔

8 انچ لمبے اس دلچسپ روبوٹ کو چھوٹے بیگ اور جیب میں رکھا جاسکتا ہے اور اگر آپ کو فون سے کوئی کال ملانی ہے تو روبوٹ کو ہدایت دیں وہ خود آپ کا مطلوبہ نمبر ڈائل کرے گا۔ روبوٹ کے سینے پر 2 انچ کا ٹچ اسکرین ہے جس سے تمام آپشن تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس روبوٹ میں ایڈوانس اسپیچ ریکگنینش کا آپشن بھی دیا گیا ہے جو آواز کو پہچان کر مینوز تک رسائی فراہم کرنے کے علاوہ بہت سے احکامات پر بھی عمل کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔