بلدیاتی انتخابات ؛ متحدہ کے2373، جماعت اسلامی کے1000، پی پی کے1500 امیدوار میدان میں آگئے

سید اشرف علی  جمعـء 16 اکتوبر 2015
ڈاکٹرفاروق ستار،وسیم اختر،زریں مجید،محمدحسین،حافظ نعیم الرحمان،نجمی عالم کے کاغذات نامزدگی منظور، پیپلزپارٹی کے عمرجت اور ایم کیوایم کے نثار پنہور کے کاغذات نامزدگی مسترد فوٹو:فائل

ڈاکٹرفاروق ستار،وسیم اختر،زریں مجید،محمدحسین،حافظ نعیم الرحمان،نجمی عالم کے کاغذات نامزدگی منظور، پیپلزپارٹی کے عمرجت اور ایم کیوایم کے نثار پنہور کے کاغذات نامزدگی مسترد فوٹو:فائل

 کراچی: بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ایم کیوایم سمیت دیگر جماعتوں کے اہم رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، پیپلزپارٹی کے عمرجت اور ایم کیوایم کے نثار پنہور کے ضلع ملیر میں کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں، ایم کیوایم کے 2ہزار 373، جماعت اسلامی کے 1000 اور پیپلزپارٹی کے 1500 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی فارم منظور کرلیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے اہم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار یونین کمیٹی پی آئی بی کالونی، وسیم اختر یوسی جیکب لائن، زریں مجید، زاہد منصوری، محمد حسین ، عارف خان ایڈوکیٹ ، ریحان ہاشمی، مقیم عالم، شعیب ابراہیم، حمید الظفر اور دیگر اہم رہنماؤں کے چیئرمین ووائس چیئرمین کیلیے جمع ہونے والے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ،ایم کیوایم کی جانب سے 2ہزار 373 کاغذات نامزدگیاں چیئرمین و وائس چیئرمین اور کونسلرز نشستوں پر منظور ہوئی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سمیت مسلم پرویزاور منیب ظفر کیلیے ضلع وسطی میں یونین کمیٹی کے چیئرمین اور ضلع شرقی سے یونس بارائی وائس چیئرمین کی نشست پر کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، جماعت اسلامی کے ایک ہزار امیدواروں کے کاغذات منظور ہوچکے ہیں، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم کے چیئرمین نشست کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، پیپلزپارٹی کے ڈیڑھ ہزار امیدواروں کے کاغذات نامزدگیاں منظور ہوئی ہیں۔

تحریک انصاف کے عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی اورعلی زیدی سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلی گئی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے اہم امیدوار عمرجت نے ڈسٹرکٹ کونسل کی یوسی ریڑھی سے ضلع کونسلر کی نشست کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم ان کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی جانب سے نام واپس لیے جانے کے باعث عمر جت کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے، ضلع ملیر کی یوسی جعفر طیار میں ایم کیوایم کے رہنما نثار پنہور کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے، نثار پنہور کے تجویز کنندہ نے ضلع ملیر میں دوسری یوسی میں بھی بطور تجویز کنندہ کوائف جمع کرائے ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔