حکومت کابھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کافیصلہ

ذوالفقار بیگ  جمعـء 23 اکتوبر 2015
حکومت کابھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کافیصلہ فوٹو : فائل

حکومت کابھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کافیصلہ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: حکومت پاکستان نے بھارت میں انتہا پسندی کی لہر اور بھارتی حکومت کے منفی رویے کے پیش نظر پاکستان بھرمیں بھارتی فلموں کی نمائش پر محدود عرصے کیلیے پابندی عائدکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس ضمن میں حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔پاکستان میں بھارتی فلموں کے پروموٹرزکو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا کہ پاکستان میں بھارت کی فلموں کو امپورٹ نہ کیا جائے۔یاد رہے سابق صدر مملکت جنرل(ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں پاکستانی سینماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دی گئی تھی ۔

گزشتہ نو برسوں سے بھارتی فلمیں ملک کے تمام بڑے شہروں میں پیش کی جا رہی ہیں اور بھارتی فلم سازکروڑوں روپے حاصل کرتے ہیں ۔ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔پاکستانی فلم سازوں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز ، فنکاروں اور ہنر مندوں نے حکومت کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائدکی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔