ایشوریا نے فلم ’’درگا رانی سنگھ’’ سے ودیا بالن کی چھٹی کردی

شوبز ڈیسک  پير 26 اکتوبر 2015
 سوجے گھوش کے ساتھ  2 فلمیں کرنے کا معاہدہ کیا ہے جن  میں سے ایک ’’درگا رانی‘‘ ہے  ،ایشوریا۔ فوٹو: فائل

سوجے گھوش کے ساتھ 2 فلمیں کرنے کا معاہدہ کیا ہے جن میں سے ایک ’’درگا رانی‘‘ ہے ،ایشوریا۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ ہدایتکار سوجے گھوش نے اپنی نئی فلم ’’درگا رانی سنگھ‘‘ سے ودیا بالن کو نکال کر ایشوریا رائے بچن کو کاسٹ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل خبر تھی کہ ودیا بالن نے سوجے گھوش کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کی فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے اور اس بات کی تصدیق ودیا بالن نے بھی کی تھی مگر اب کہا جارہا ہے سوجے گھوش نے ودیا بالن کو ’’درگا رانی سنگھ ‘‘ سے الگ کردیا ہے اور ان کی جگہ سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن کو سائن کرلیا ہے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کی تصدیق کرتے ہوے ایشورایا رائے نے کہا ہے کہ انھوں نے سوجے گھوش کے ساتھ  2 فلمیں کرنے کا معاہدہ کیا ہے جن  میں سے ایک ’’درگا رانی‘‘ ہے  اور یہ  معروف جاپانی مصنف کیاگوہنگشینو کے ناول  ’’دی ڈیووشن آف سسپکٹ ایکس‘‘ پر بنائی جائے گی۔

سوجے کے ساتھ اپنے کام کے حوالے سے تعلقات کے مطلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے ان کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات اس وقت سے ہیں جب وہ اپنی پہلی فلم بنارہے تھے اور انھوں نے مجھے اس میں کام کرنے کی پیشکش بھی کی تھی مگر میں نے اپنی دوسری فلموں میں مصروفیات کی بنا پر ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا مگر اب انھوں نے مجھے دوفلموں جن میں سے ایک کا نام  درگا رانی سنگھ ہے کی پیشکش کی تو میں نے فوراً ہاں کردی۔ سوجے گھوش کی ان دنوں فلموں کی شوٹنگ کے متعلق ایشوریا نے کہا کہ ان دنوں کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں مصروف ہوں  اور اگلے ماہ امنگ کمار کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم کی شوٹنگز میں شامل ہوجاؤں گی ان دنوں فلمون کی تکمیل کے بعد سوجے گھوش کے ساتھ کام کا آغاز کروں گی تاہم ابھی یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ وہ اپنی کونسی فلم کو پہلے سیٹ کی زینت بنائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔