کچھ سہولت باورچی خانے کے لیے

شاہدہ ریحانہ  پير 26 اکتوبر 2015
پیش بندی سے مسائل کے حل تک۔ فوٹو: فائل

پیش بندی سے مسائل کے حل تک۔ فوٹو: فائل

 

خاتون خانہ کسی بھی صورت میں اپنے باورچی خانے کو نظرانداز نہیں کر سکتیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ صفائی ستھرائی سے لے کر تمام چیزوں کی دست یابی تک ان کے باورچی خانے میں کوئی بھی کسر باقی نہ رہے۔

یوں تو آج کل باورچی خانے کے بہت سے لوازمات بازار سے تیار مل جاتے ہیں، مگر جو ذائقہ ہاتھ سے تیار کیے گئے اجزا میں ہے وہ بازار کے تیار اجزا میں کہاں۔ اس لیے یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے ہی کارآمد ٹوٹکے بتا رہے ہیں، جو نہ صرف خاص مواقع پر، بلکہ آپ کے باورچی خانے کی اہم ضرورت ہیں۔

  • ۔مسالا جات کی ایک مناسب مقدار ہمہ وقت ہونا ضروری ہے۔ بالخصوص خشک اور ثابت مسالوں کی، انہیں حسب ضرورت پیس کر بھی رکھا جا سکتا ہے، جب کہ ہرے مسالے کو تازہ بتازہ منگایا جا سکتا ہے۔
  • ۔زیرہ، ثابت دھنیا اور سونف وغیرہ جب منگائیں، تو اسے صاف کر کے بھون کر کوٹ لیں اور علیحدہ علیحدہ رکھ لیں اور حسب ضرورت استعمال کریں۔
  • ۔کُٹی ہوئی لال مرچ، کُٹی ہوا رائی دانہ، پسا ہوا دھنیا، پسی ہوئی ہلدی، پسا ہوا کالا نمک ملا کے گھر میں بہترین چاٹ مسالا تیار کریں۔ اگر دہی بڑوں یا چھولوں میں ڈالنا ہو تو اس میں پسا ہوا زیرہ اور کُٹی ہوئی لال مرچ ملائیں اور باربی کیو کے لیے اس میں ایک چٹکی اجوائن شامل کر لیں، تو بہت مزے دار ہوگا۔ اس میں پسی ہوئی لال مرچ اور پسی ہوئی کالی مرچ شامل کر دیں یا پسا ہوا گرم مسالا اور اگر آپ اس میں ادرک کا سفوف بھی شامل کر لیں، تو یہ ہاضمے کے لیے مفید ہوگا۔
  • ۔ادرک لہسن کا آمیزہ بنانے کے بعد اس میں تھوڑا سا سرکہ، یا نمک یا تیل شامل کر دیں، تو یہ فریج کے باہر بھی سبز نہیں پڑے گا اور اپنی رنگت اور خوش بو برقرار رکھے گا۔
  • ۔ پودینہ، ہرا دھنیا، کڑی پتا، اور سویا کو تازہ اور سبز رکھنے کے لیے اسے دھو کر اس کے پتے الگ کر لیں اور قدرتی ہوا میں رکھ دیں، جب اس کا پانی خشک ہو جائے، تو اسے زگ زیگ بیگ میں محفوظ کر لیں۔ ایک ہفتے تک اس کی رنگت خوش بو اور تازگی برقرا رہے گی اور آپ کو تازہ دھنیا پودینہ کے لیے بھاگ دوڑ نہیں کرنا پڑے گی۔
  • ۔ہری مرچوں کو خاکی لفافے یا کاغذ میں لپیٹ کر فریج میں رکھیں تو یہ بہت دنوں تک تازہ اور سبز رہیںگی۔
  • ۔ ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، لیموں وغیرہ پر سرکہ چھڑک کے مومی لفافے میں اچھی طرح سے بند کر کے رکھ دیں، تو کئی دن بعد بھی یہ آپ کو تازہ ملیں گے، کچن رول سے بھی یہ کام لیا جا سکتا ہے۔
  • ۔پیاز لال کرتے وقت اس میں پیاز کی مقدار کے مطابق نمک شامل کر دیں، تو یہ نہ صرف جلد لال ہو جائیں گے، بلکہ تیل بھی کم پیئں گے اور کرارے ہوں گے۔ انہیں خشک کر کے زگ زیگ بیگ میں رکھ لیں اور حسب ضرورت استعمال کریں۔
  • ۔ پیاز کاٹنے سے ایک گھنٹے قبل اسے فریج میں رکھ دیں تو کاٹتے وقت آنسو نہیں نکلیںگے۔
  • ۔ اگر لیموں سے عرق نکالنے کے لیے لیموں گرم پانی میں ڈالیں، ہلکا سا رول کریں، پھر کاٹ کر نچوڑ لیں اور اسے برف کی ٹرے میں ڈال کر جمالیں اور جمنے کے بعد اسے نکال کر ایک تھیلی یا برتن میں رکھ لیں اور حسب ضرورت استعمال کریں۔
  • ۔فریج کے باہر ٹماٹروں کو تازہ رکھنے کے لیے ان کے سروں پر موم بتی سے موم ٹپکا دیں، اس سے ٹماٹر کئی دن تازہ رہیں گے۔ پانی میں نمک گھول کر ٹماٹر اس میں ڈال دیں، تو بھی ٹماٹر کافی دیر تک تازہ رہیں گے۔
  • ۔ٹماٹر کا آمیزہ بنا کر اسے جار میں محفوظ کر لیں، کئی دنوں تک تازہ رہے گا۔
  • ۔ فریج سے باہر سبزیوں، پھلوں، اور ہرے مسالے کو تازہ رکھنے کے لیے ان پر دن میں ایک مرتبہ لیموں کا رس یا سرکہ ملا ہوا پانی چھڑکیں۔
  • ۔سالن جل گیا ہو تو اسے دوسری دیگچی میں پلٹ لیں اور اس میں تھوڑا سا دودھ شامل کر دیں۔ اس سے جلے ہوئے سالن کی بو نہیں آئے گی۔
  • ۔ اگر سالن زیادہ پتلا ہو گیا، تو پیالی میں حسب ضرورت پانی اور ایک چائے کا چمچا کورن فلور ملا کے سالن میں ڈال دیں، اس سے سالن گاڑھا ہو جائے گا۔
  • ۔سالن میں مرچیں زیادہ ہو گئی ہوں، تو پہلے اس میں تازہ دہی ڈالیں، اس کے بعد بھی زیادہ لگیں، تو سالن کا آدھا تیل نکالیں اور جتنا تیل نکالا ہے، اتنا ہی نیا تیل گرم کر کے شامل کر دیں۔ سالن سے مرچیں کم ہو جائیں گی۔
  • ۔ میوہ اور سویاں تل کے خشک کر لیں اور زگ زیگ بیگ میں محفوظ کر لیں، حسب ضرورت دودھ گرم کریں اور دو منٹ میں شیر خرمہ تیار کر لیں۔
  • ۔سوجی اور میوہ تل کے محفوظ کر لیں، چاہیں تو دودھ شکر ملا کے کھیر بنائیں یا گھی میں چینی پگھلا کر، اس میں حسب ضرورت سوجی اور پانی ملا کے حلوہ بنالیں اور میوے شامل کر لیں۔
  • ۔کھجور کی گھٹلیاں نکال کر اس کی جگہ فرائی کاجو یا بادام رکھیں اور چاندی کا ورق لگا کر محفوظ کر لیں۔ اس کے بعد میٹھے پکوانوں کا لطف دوبالا کریں۔
  • ۔ شکر کا شیرہ بنا کر رکھ لیں اور حسب ضرورت اس میں اپنی پسند کے پھل یا لیموں کا رس شامل کر کے تازہ شربت سے لطف اندوز ہوں۔
  • ۔فرصت کے اوقات میں، کینو، موسمی، مالٹے، میٹھے یا کسی بھی پھل کا جوس نکالیں اور اسے برف کی ٹرے میں ڈال کر جما لیں اور جب ضرورت ہو نکالیں، پانی شامل کریں اور چند لمحوں میں تازہ جوس کا مزہ لیں۔
  • ۔ باورچی خانے میں جھٹ پٹ کھانا تیار کرنے کے لیے تیل، مسالا جات، گوشت وغیرہ سے قبل بھی کچھ چیزوں کی پہلے سے تیار موجودگی بھی ضروری ہے، جب ہی آپ کا وقت بچے گا اور کھانا بھی جھٹ پٹ تیار ہوگا۔ مثلاً اوون، چولھے، برتن، کٹلری اور دیگر کراکری بھی صاف ستھری اور اپنی جگہ پر موجود ہو۔
  • ۔باورچی خانے میں برتنوں، چولھے وغیرہ کی صفائی کے لیے سامان موجود ہوتا ہے، کھانا پکانے کے بعد چولھے اور اوون وغیرہ کی صفائی روزانہ ہاتھ کے ہاتھ کر لیں۔ اسی طرح چوپر، مکسر، گرائنڈر وغیرہ کو بھی ہاتھ کے ہاتھ دھو کر خشک کر کے اس کی جگہ پر رکھنا اچھا ہے۔
  • ۔ مٹی کی ہانڈی میں کچھ پکانا ہو تو ہانڈی کو پہلے صاف پانی میں ڈبو دیں۔ ایک گھنٹے بعد اس میں گرم پانی بھر کر رکھ دیں، پھر پانی پھینک کر ہانڈی خشک کر کے اس میں تیل لگا دیں اور ڈھانپ کر رکھیں۔ اس میں پہلی دفعہ پائے یا گڑ والے چاول پکائیں، تو ہانڈی چٹخے گی نہیں۔
  • تانبے کے برتن میں کھانا پکانے سے قبل اسے نمک کے پانی میں سرکہ ملا کر صاف کریں۔
  • ۔المونیم کے برتن میں کھانا پکانے سے قبل اسے سوکھے بھوسے یا بھوسی سے صاف کرلیں۔
  • ۔ اوون کی صفائی کرنے کے لیے ایک اسفنج کا صاف ٹکڑا لیں۔ صرف، لیموں کا رس یا لیموں والا صابن اوون کے ریک باہر نکال کر پہلے اندر کی صفائی گرم پانی سے کریں اور پھر اوون کی دیگر اشیا دھو کر کپڑے سے خشک کرلیں اور آدھے گھنٹے اوون کا دروازہ کھلا رہنے دیں، یہی ترکیب مائیکرو ویو کے لیے بھی کر سکتی ہیں۔ اسے دھونے کے بہ جائے کپڑے سے صاف کریں۔ اوون کو صاف رکھنے کے لیے اس کے استعمال سے قبل اس میں المونیم فوائل بچھا دیں اور جب خراب ہوجائے تو بدل دیں۔
  • ۔کٹلری، دیگچے، کڑاہیاں اور پتیلیوں وغیرہ کو سوڈا اور لیمن ملے پانی میں ڈالیے، پھر اسفنج کے ساتھ لیمن والے صابن سے مانجھ ڈالیے، پھر خوب پانی سے دھو کر دھوپ میں خشک ہونے کے لیے الٹا رکھ دیں یا کسی کپڑے سے خشک کر لیں، لوہے کی اشیا پر کھانے کا یا سرسوں کا تیل مل دیں، اسٹیل کی کٹلری کو ٹشو پیپر میں لپیٹ کر رکھ دیں۔ ہاں کیبنٹ میں نیم کے خشک پتے، آٹا، گندھک کا پاؤڈر یا کیڑے مکوڑے مارنے والا پاؤڈر یا اسپرے بھی ضرور کرتی رہیں۔
  • ۔باورچی خانے کو مکھیوں، چیونٹیوں اور لال بیگ وغیرہ سے محفوظ رکھنے کے لیے پودینے کی ایک گٹھی باورچی خانے کے دروازے پر لٹکا دیں، یا فینائل ایک کٹوری میں ڈال کر رکھ دیں۔ تمام حشرات بھاگ جائیںگے۔
  • ۔ اگر سنک بند ہو جائے، تو گرم پانی میں کپڑے دھونے والا سوڈا ڈال کر بار بار سنک میں ڈالتی رہیں۔ اس کے بعد احتیاط کریں کہ چائے کی پتی، خشک اور نہ گلنے والا کچرا اور چکنائی کو سینک میں نہ جانے دیں۔ کام ختم ہونے کے بعد سنک میں سوڈا اور گرم پانی ڈالیں گی تو سنک بند ہونے کی شکایت نہ ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔