شوکت علی کی بیٹے کے ہمراہ برطانیہ میں پرفارمنس لوگ جھوم اٹھے

شوبز رپورٹر  جمعرات 26 نومبر 2015
برطانیہ میں مقیم پاکستانی اورہندوستانی کمیونٹی کی پذیرائی دیکھ کر آنسو آگئے، شوکت علی۔  فوٹو : فائل

برطانیہ میں مقیم پاکستانی اورہندوستانی کمیونٹی کی پذیرائی دیکھ کر آنسو آگئے، شوکت علی۔ فوٹو : فائل

لاہور: معروف گلوکارشوکت علی نے اپنے صاحبزادے محسن شوکت کے ہمراہ برطانیہ میں منعقدہ پروگراموں میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاء کوجھومنے پرمجبورکردیا۔ لندن، برمنگھم اورمانچسٹرمیں ہونے والے تینوں پروگراموںمیں جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی، وہیں سکھ برادری نے بھی بھرپورشرکت کی اورفرمائشی گیت سنتے ہوئے خوب بھنگڑے ڈالے۔

دوسری جانب برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکارسکھشیندر شندا اوربلویندرسفری نے شوکت علی سے ملاقات کے دوران انھیں پنجابی لوک گائیکی کا ’سمراٹ ‘ قراردیدیا۔ شوکت علی نے لندن سے فون پربات کرتے ہوئے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ میں نے اپنے جوانی کے دورمیں بھی ایسا رسپانس نہیں دیکھا، جیسا اس مرتبہ ملا ہے۔ برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی اورہندوستانی کمیونٹی نے جس طرح سے مجھے ویلکم کیا اورمیرے گیتوں پررقص کیا، اس کو دیکھ کرمیری آنکھیں نم ہوگئیں۔

انھوں نے بتایاکہ میرے بیٹے محسن شوکت اورامیرعلی بھی اس موقع پرموجود تھے اورہم نے مل کردیارغیرمیں بسنے والوں کو جھومنے کا ایک ایسا موقع فراہم کیا ، جس کووہ بھی مدتوں یادرکھیں گے۔ انھوں نے بتایاکہ برطانیہ میں دورے کے دوران جہاں نئے پرستاروں سے ملاقات ہوئی۔ وہیں بہت سے چاہنے والوں نے پرتکلف کھانوں سے دعوتوں کا اہتمام کیا۔ یہ سب اللہ کی مہربانی ہی ہے کہ مجھ جیسے معمولی سے فنکارکو لوگ اس قدر پیارکرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔