کیمرون میں 2 خواتین کے خود کش حملوں میں 5 افراد ہلاک ہوگئے

اے ایف پی/ویب ڈیسک  اتوار 29 نومبر 2015
حکام نے حملوں کی ذمہ داری بوکو حرام پر عائد کی ہے،فوٹو:فائل

حکام نے حملوں کی ذمہ داری بوکو حرام پر عائد کی ہے،فوٹو:فائل

یونڈی: کیمرون میں  2 خواتین  خود کش بمباروں کے حملوں میں  5 افراد ہلاک اور 12 کے قریب زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  یہ واقعہ وسطی افریقی ملک کیمرون کے شمالی علاقے ڈبنگا  کے ایک دور دراز علاقے میں  پیش آیا جہاں مبینہ طور پر نائجیریا سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین خودکش حملہ آوروں نے  خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں دونوں حملہ آوروں کے علاوہ 5 افراد ہلاک اور 12 کے قریب زخمی ہوگئے۔مقامی حکام کا کہنا ہے  کہ پہلا  دھماکا ایک گھر کے اندر ہواجب کہ دوسرا حملہ ایک ویلڈنگ کی دوکان کے قریب کیا گیا جس کے نتیجے میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف کارروائی کے لیئے تعینات 2 فوجی اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم حکام نے اس کی ذمہ داری بوکو حرام پر عائد کی ہے جو اس سے قبل بھی علاقے میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا اعتراف کرچکی ہے، گزشہ ہفتے بھی شمالی کیمرون میں4 خواتین خودکش حملہ آورں کے حملے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور گزشتہ چند عرصے میں شمالی کیمرون میں 20  خودکش حملے ہوئے ہیں جن میں 100 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ نائجیریا شدت پسند تنظیم بوکوحرام کا گڑھ سمجھا جاتا ہے تاہم اب تنظیم اطراف کے پڑوسی ممالک  چاڈ اور کیمرون میں بھی اپنی کارروائیاں  جاری رکھے ہوئے ہےاور گزشتہ 6 سال سے ہونے والے حملوں میں 17 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 26 لاکھ کے قریب بے گھر ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔