افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور دوگروپوں کی جھڑپ کے دوران زخمی، غیر ملکی خبر ایجنسی

اے ایف پی/ویب ڈیسک  بدھ 2 دسمبر 2015
افغان طالبان نے واقعے کی تردید کردی، فوٹو: فائل

افغان طالبان نے واقعے کی تردید کردی، فوٹو: فائل

کابل: افغان طالبان کے گروپوں کی آپس کے اختلافات مزید شدت اختیار کرگئے ہیں اور ایک اجلاس کے دوران آپس کی لڑائی کے دوران طالبان سربراہ ملااختر منصور زخمی ہوگئے۔

غیر خبررساں ادارے کے مطابق کابل میں افغان طالبان رہنماؤں کے اجلاس کے دوران اچانک دو گروپوں میں تیز و تند جملوں کے تبادلے کے بعد لڑائی شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور شدید زخمی ہوگئے۔ افغانستان کے نائب صدر کے ترجمان سلطان فیضی کا غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران طالبان میں آپس میں لڑائی ہوئی جس میں ملا اختر منصور شدید زخمی ہوگئے اور انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پراسپتال منتقل کردیا گیا  تاہم ان کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

دوسری جانب افغان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی ان کے سربراہ ملا منصور زخمی ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔