پاکستانی مداحوں کے پیار سے خوشی ملتی ہے،رنویراور دیپکا

شوبز رپورٹر  جمعرات 10 دسمبر 2015
اس وقت بہت خوشی ہوتی ہے جب پاکستان میں ہماری فلمز کو نہ صرف پذیرائی ملتی ہے بلکہ لوگ ہمیں پسند بھی کرتے ہیں، دیپکا پڈوکون۔ فوٹو: فائل

اس وقت بہت خوشی ہوتی ہے جب پاکستان میں ہماری فلمز کو نہ صرف پذیرائی ملتی ہے بلکہ لوگ ہمیں پسند بھی کرتے ہیں، دیپکا پڈوکون۔ فوٹو: فائل

لاہور:  کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی نئی فلم’’ باجی راؤمستانی‘‘ کی تشہیر کے لیے مقبول فنکار جوڑی رنویر سنگھ اور دیپکا پڈوکون نے گزشتہ روز پاکستانی میڈیا سے ممبئی سے براہ راست وڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کی۔

جس کا اہتمام فلم کے پاکستان میں امپورٹر’’ آئی ایم جی سی‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے کیاتھا۔ وڈیونیوز کانفرنس میں اداکارنئیر اعجاز ، گلوکار رفاقت علی خان ، فیشن ڈیزائنر بی جی اور اداکارہ قرتہ العین عینی بھی شرکت کی۔نیوز کانفرنس کے دوران رنویر سنگھ اور دیپکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ انھیں اس وقت بہت خوشی ہوتی ہے جب پاکستان میں ہماری فلمز کو نہ صرف پذیرائی ملتی ہے بلکہ لوگ ہمیں پسند بھی کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران رنویرسنگھ نے گفتگوکا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میرے نانا ، نانی اوردادا، دادی کا تعلق کراچی سے تھا ، علی ظفرسمیت میرے کئی جگری دوست لاہور ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں رہتے ہیں اوراسی لیے میں بے صبری سے پاکستان جانے کا انتظارکر رہا ہوں۔

اس موقع پر انھوں نے علی ظفر ، فواد خان اور ماورا ہوکین کی طرح اداکارہ قرتہ العین کو بھی بھارت آکر کام کرنے کی دعوت دی۔ فلم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹرسنجے لیلا بھنسالی ایک جادوگر اور مصور ہیں اور’’ باجی راؤ مستانی ‘‘ان کا ڈریم پروجیکٹ ہے اور فلم کا ہر ڈائیلاگ سیٹی بجانے کے قابل ہے اور سنیما ہال میں فلم سے لطف اندوز ہونے والی شائقین خود اس حقیقت کا اندازہ کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم کا مرکزی پیغام محبت ہی ہے کیونکہ محبت پوری دنیا میں سمجھی جانے والی واحد زبان ہے۔ اس موقع پر گلوکار رفاقت علی خان نے باجی راؤ مستانی کا ایک گیت اپنی آواز میں گاکر دیپکا پڈوکون کی نظر کیا تو وہ خوب محظوظ ہوئیں۔رنویر اور دپیکانے پاکستانی فیشن ڈیزائنر بی جی کا بھی شکریہ ادا کیا اور ان کے ڈیزائنگ کے اندازکو سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔