’’لاہور واقعی لاہور ہے‘‘کوئی بلائے یا نہیں پھر آئیں گے، اوم پوری

شوبز رپورٹر  اتوار 20 دسمبر 2015
ہوں تو ویجی ٹیرین لیکن لاہور کے چٹ پٹے چنے، روٹی اور دہی کا رائتہ یاد آتا رہے گا،اوم پوری فوٹو : فائل

ہوں تو ویجی ٹیرین لیکن لاہور کے چٹ پٹے چنے، روٹی اور دہی کا رائتہ یاد آتا رہے گا،اوم پوری فوٹو : فائل

لاہور:  بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکاراوم پوری اورہدایتکارمدھربھنڈارکرلاہور میں جاری’’ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ‘‘ میں شرکت کے بعد واہگہ بارڈرکے راستے بھارت روانہ ہوگئے۔

روانگی سے قبل ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے اوم پوری کا کہنا تھا کہ لاہورجیسے تاریخی شہرمیں تین روزکا مختصرقیام تھا لیکن بہت سی یادیں اپنے ساتھ لے کرواپس جاؤں گا۔ یہاں کی خوبصورت عمارتیں، کھانے اورلوگ بہت ہی انمول ہیں۔ میں خالصتاً ’’ شاکاہاری ‘‘ (ویجیٹرین ) ہوں اس لیے گوشت، چکن وغیرہ نہیں کھاتا لیکن لاہورکے چٹ پٹے چنے ، روٹی اوردہی کا رائتہ مجھے بہت یاد آئے گا۔ میں نے مختصردورے کے دوران خوب مزے سے پیٹ پوجا کی اورفیملی کے لیے شاپنگ کرکے بہت سے نئے دوستوں کی یادیں ساتھ لے کرجارہاہوں۔

رفیع پیرتھیٹرنے لاہورمیں ایک خوبصورت فلمی میلہ سجایا جس میں لوگوںکی شرکت دیکھ کراچھا لگا۔ خاص طورپرنوجوانوں کی بڑی تعدادکا اس فیسٹیول میں شریک ہونا بہت خوش آیند بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح مجھے گزشتہ برس لاہورمیں زبردست رسپانس ملا تھا ، اس مرتبہ اس سے زیادہ محبت ملی ہے جس کومدنظررکھتے ہوئے میں یہ کہنا چاہتا ہوںکہ اب لاہوروالے بلائیں یا نہ بلائیں میں توآتا رہوں گا۔

دوسری طرف ہدایتکارمدھربھنڈارکر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار آکرجوخوشی محسوس ہورہی ہے ، اس کولفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’’چاندنی بار‘‘ کوبہت سراہا گیا اوریہاں پرملنے والا ایوارڈ مجھے ہمیشہ یادرہے گا۔

انھوں نے کہا کہ مختصردورہ تھا اس لیے لاہورجیسے تاریخی شہرکومکمل طور پرنہیں دیکھ سکا لیکن آیندہ دورے میں لاہورکے تمام تاریخی مقامات، بازار، گلیاں اورکوچے گھوموں گا۔ البتہ لاہور کے بارے میں جو کچھ سن رکھا تووہ کم تھا۔ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز اورپیارکرنے والے ہیں۔

مجھے ایک بھی لمحہ یہ محسوس نہیں ہوا کہ میں کسی اورملک میں موجود ہوں۔ اس لیے میں بہت سی خوبصورت یادیں اورمحبت، بھائی چارے کا پیغام اپنے ساتھ لے کرجا رہا ہوں۔ لیکن یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں بہت جلد دوبارہ پاکستان آؤنگا اوراگرپاکستان کے ساتھ کوپروڈکشن کے حوالے سے بھی کسی پروجیکٹ پرکام شروع کرونگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔