عثمان خواجہ کی آسٹریلوی ٹیم کے دروازے پر دستک

اے ایف پی  منگل 22 دسمبر 2015
عثمان خواجہ ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل نجات حاصل کرلی، فوٹو: اے ایف پی/فائل

عثمان خواجہ ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل نجات حاصل کرلی، فوٹو: اے ایف پی/فائل

میلبورن: ویسٹ انڈیز سے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلیے عثمان خواجہ آسٹریلوی ٹیم کے دروازے پر دستک دے دی، شان مارش اور جوئے برنز پر ٹیم سے بیدخلی کی تلوار لٹک گئی۔

بیٹسمین کا کہنا ہے کہ میں نے ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل نجات حاصل کرلی، یہ تکلیف اب ماضی کا قصہ بن گئی ہے، انھوں نے گذشتہ دنوں بگ بیش میںمیلبورن اسٹارز کیخلاف سڈنی تھنڈر کیلیے ناقابل شکست سنچری بناکر آسٹریلین ٹیسٹ الیون میں واپسی کیلیے اپنا دعویٰ مضبوط کرلیا ہے، عثمان ویسٹ انڈیز سے جاری ہوم سیریز کے دوسرے میلبورن ٹیسٹ میں کھیلنے کا عزم رکھتے ہیں، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میں بگ بیش میں عمدہ اننگز کھیلنے پر بہت خوش ہوں، میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں،میری ہیمسٹرنگ اب عمومی حالت میں ہے اور جسمانی طور پر بھی بہتر کنڈیشن میں ہوں، 29 سالہ بیٹسمین کی آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے، ان کیلیے ممکنہ طورپر جوئے برنز یا شان مارش میں سے کسی ایک کوجگہ خالی کرنا پڑے گی، پاکستانی نژاد عثمان خواجہ گذشتہ ماہ نیوزی لینڈ سے پرتھ ٹیسٹ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار ہوکر کھیل سے دور ہوگئے تھے۔

اس دوران انھوں نے اپنا بیشتر وقت کرکٹ آسٹریلیا کے ٹریننگ بیس کیمپ برسبین میں گزارا، انھوں نے بتایا کہ گذشتہ تین برس کے مقابلے میں اب میری ہیمسٹرنگ یقینی طور پر زیادہ توانا ہیں، میں نے جمعے کو اس کی جانچ کرائی تھی اور اس کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے ہیں، عثمان نے مزید کہا کہ میں نے خود کو انجری سے باہر نکالنے کیلیے سخت محنت کا عادی بنائے رکھا، کیونکہ مجھے کوچ لی مین کی مطلوبہ فٹنس سے آگاہی تھی، انکی عدم موجودگی میں شان مارش نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوبارٹ ٹیسٹ میں 182رنز بناکر سلیکٹرز کو مشکل میں ڈال دیا ہے، جس کے بعد ٹیم سے باہر کیے جانے کی تلوار جوئے برنز کے سر پر لٹک گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔