کیویز لگاتار 13 ہوم ٹیسٹ میچزمیں ناقابل شکست

اسپورٹس ڈیسک  منگل 22 دسمبر 2015
ملکی ریکارڈ برابر کردیا، برینڈن میک کولم زیادہ فتوحات دلانے والے تیسری کپتان بنے فوٹو؛ گیٹی امیج/فائل

ملکی ریکارڈ برابر کردیا، برینڈن میک کولم زیادہ فتوحات دلانے والے تیسری کپتان بنے فوٹو؛ گیٹی امیج/فائل

ہیملٹن: کیویز بھی گھرکے شیر بن گئے، تین برس سے ہوم گراؤنڈز پر ناقابل شکست ہیں، مسلسل 13 ٹیسٹ میچز میں شکست کو قریب بھی نہ پھٹکنے دینے کا اپنا سابقہ ریکارڈ برابر کردیا، میک کولم سب سے زیادہ فتوحات دلانے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے کپتان بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے گذشتہ روز سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں پانچ وکٹ سے زیر کیا، یہ اس کا ہوم گراؤنڈز پر مسلسل 13 واں ٹیسٹ ہے جس میں انھوں نے شکست کو قریب بھی نہیں پھٹکنے دیا ہے، آخری مرتبہ کیویز کو اپنے دیس میں ٹیسٹ شکست جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 2012 میں ہیملٹن میں 9 وکٹ سے ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے انھوں نے7 ٹیسٹ جیتے جبکہ 6 ڈرا کیے ہیں، اس طرح انھوں نے مسلسل ناقابل شکست رہنے کے طویل 13 ٹیسٹ میچز کے سابق سلسلے کو برابرکردیا جوکہ مارچ 1987 سے مارچ 1991 پر محیط رہا تاہم اس دوران نیوزی لینڈ کو صرف تین میں فتح جبکہ 10 مقابلے ڈرا ہوئے تھے۔

یہ میک کولم کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی گیارہویں ٹیسٹ کامیابی ہے، اس طرح انھوں نے جیف ہاورتھ کو جوائن کرلیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کو سب سے زیادہ 28 فتوحات سے فلیمنگ نے ہمکنار کیا تاہم انھوں نے80 میچز میں قیادت بھی کی۔ یہ نیوزی لینڈ کی مسلسل چوتھی ہوم ٹیسٹ فتح ہے، یہ بارہواں موقع ہے جب کیویز نے حریف سائیڈ پر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ فتح حاصل کی ہے، ان میں سے 9 مرتبہ یہ کارنامہ ہوم گراؤنڈز جبکہ تین مرتبہ بنگلہ دیش اور زمبابوے میں کھیلی گئی سیریز میں انجام دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام کلین سوئپ نیوزی لینڈ نے دومیچزکی سیریزمیں کی ہیں، وہ کسی بھی ایک سیریز میں دو سے زیادہ ٹیسٹ میچزکبھی جیت ہی نہیں پائے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔