کسی سے نکاح نہیں ہوا جب شادی کروں گی تو سب کو بلاؤں گی، میرا

ویب ڈیسک  منگل 22 دسمبر 2015
عتیق الرحمن کی جانب سے یہ کیس ایک بلیک میلنگ ہے جو جھوٹ پرمبنی ہے، میرا۔ فوٹو: فائل

عتیق الرحمن کی جانب سے یہ کیس ایک بلیک میلنگ ہے جو جھوٹ پرمبنی ہے، میرا۔ فوٹو: فائل

لاہور: اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے شادی نہیں ہوئی اور وہ جب بھی شادی کریں گی تو سب کو بلائیں گی۔

نکاح پر نکاح کے مقدمے میں اداکارہ میرا  سیاہ کوٹ، سیاہ چشمہ پہن کر لاہور کی سول عدالت میں پیش ہوئیں تو انہیں دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران میرا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ پر لگایا گیا الزام غلط ہے۔  نکاح نامہ ایک عوامی دستاویز ہے جس کی یونین کونسل سے باآسانی تصدیق کرائی جاسکتی ہے۔ میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمن کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نکاح نامہ 100 فیصد درست ہے، اداکارہ نکاح پر نکاح کی مرتکب ہوئی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 16 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے اداکارہ میرا، ان کے مبینہ پہلے شوہر عتیق الرحمن اور مقدمے کے گواہوں کو طلب کرلیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ نکاح نامہ جھوٹا اور جعلی ہے، عتیق الرحمن سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے یہ سب کررہا ہے۔ ان کا کسی کے ساتھ کوئی نکاح نہیں ہوا۔ جب وہ شادی کریں گی تو سب کو بلائیں گی۔ جب ان سے سوال کیا کہ آپ مکمل سیاہ کپڑوں میں ملبوس ہیں مگر آپ کا پرس میچنگ نہیں  ہے جس پر اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میچنگ پرس بھول گئی، آپ براؤن پرس کو کنٹراسٹ سمجھ لیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔