امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دفتر کے سامنے احتجاج ، باجماعت نماز کی ادائیگی

ویب ڈیسک  منگل 22 دسمبر 2015
ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مسلمان کمیونٹی کے غم وغصے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے فوٹو: فائل

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مسلمان کمیونٹی کے غم وغصے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے فوٹو: فائل

نیویارک: امریکا میں آئندہ صدارتی انتخاب کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے کے خلاف احتجاج  طول پکڑتا جارہا ہے اور سیکڑوں افراد نے ان کے دفتر کے سامنے باجماعت نماز ادا کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیویارک میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر دفتر کے باہرسیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’فاشزم نہیں چاہیے‘‘، فاشزم اور نفرت کے پرچارکرنے والا ٹرمپ نہیں چاہیے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین  نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فاشسٹ اورنسل پرست قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی، بعد ازاں احتجاج کے دوران مسلمانوں نے باجماعت نماز بھی ادا کی۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ہیں لیکن وہ اپنی مہم کے دوران مسلمانوں کے خلاف مسلسل زہر اگل رہے ہیں جس کی وجہ سے عالمی سطح پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔