بالی ووڈ میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، نادیہ حسین

قیصر افتخار  بدھ 23 دسمبر 2015
مجھے بالی وڈ میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوچکی ہے لیکن میں نے اس کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی، نادیہ حسین۔ فوٹو : فائل

مجھے بالی وڈ میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوچکی ہے لیکن میں نے اس کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی، نادیہ حسین۔ فوٹو : فائل

لاہور: سپرماڈل نادیہ حسین نے کہا ہے کہ اچھے اورمنفرد موضوع پربننے والی فلم میں لیڈ رول ملا تواپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بڑے پردے پر ضرور ہنر دکھاؤں گی اس کے علاوہ فلموں میں کسی بھی قسم کا کردارنبھانے کا کوئی شوق نہیں ہے۔

بالی ووڈ میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اپنے ملک میں کام کرنے کوزیادہ ترجیح دونگی۔ ان خیالا ت کااظہارنادیہ حسین نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کے کچھ عرصہ بعد ہی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کاسلسلہ شروع ہوگیا تھا لیکن میری تمام ترتوجہ ماڈلنگ پرمرکوز تھی۔ میں نے ملک اوربیرون ممالک ہونے والے فیشن شو اورفیش ویک میں شرکت کی اوراپنی منفرد پہچان بنائی ۔

بلکہ اس پروفیشن میں رہنے کی وجہ سے ہی میں نے فیشن سے وابستہ کاروبارشروع کیا اوربڑی کامیابی کے ساتھ اس کو آگے بڑھا رہی ہوں۔ دوسری جانب ایکٹنگ کے لیے مجھے آفرز جاری تھیں جو تاحال جاری ہی ہیں۔ مجھے کچھ عرصہ قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے ایک معروف فلمی ستارے نے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن کرداراوراسکرپٹ سننے کے بعد میں نے اس آفرکوقبول نہیں کیا۔ ایک طرف توایکٹنگ کے لیے خاصا وقت درکار ہوتا ہے اورپھراگرکرداربھی جاندارنہ ہوتواس کو کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

اسی لیے میں سوچتی ہوں کہ جب بھی کسی فلم کو سائن کرونگی تواس کے لیے پہلی شرط لیڈنگ رول کی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے کہا کہ ہمارے ملک کے بہت سے فنکاربالی ووڈ میں کام کررہے ہیں لیکن میرے نزدیک بھارت میں جاکرکام کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ مجھے توبس اچھا اورمنفرد کام کرنا ہے جس سے میری اپنی پہچان ہو اورمیرے ملک کواس کا فائدہ پہنچے۔ مجھے بالی وڈ میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوچکی ہے لیکن میں نے اس کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی۔ میری پہلی ترجیح اپنا ملک ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔