9 ڈالر کا جوا کھیلنا انجیلا ریکس کو مہنگا پڑگیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 23 دسمبر 2015
آسٹریلوی کرکٹر کو 2 برس پابندی کی معطل سزا ، آفیشل تنبیہ بھی کردی گئی۔ فوٹو : فائل

آسٹریلوی کرکٹر کو 2 برس پابندی کی معطل سزا ، آفیشل تنبیہ بھی کردی گئی۔ فوٹو : فائل

میلبورن: ورلڈ کپ فائنل پر جوا کھیلنا آسٹریلوی خاتون کرکٹر انجیلا ریکس کو مہنگا پڑگیا، کرکٹ آسٹریلیا نے 9 ڈالر داؤ پر لگانے کے جرم میں 2 برس پابندی کی معطل سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ویمنز بگ بیش ٹیم سڈنی سکسرز کی 24 سالہ انجیلا ریکس کو ورلڈ کپ فائنل پر جوا کھیلنے کے جرم میں 2 برس پابندی کی معطل سزا سنا دی گئی ہے، انھوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان مارچ میں کھیلے گئے فائنل کے مین آف دی میچ پر جوا کھیلا تھا۔ وہ کرکٹ آسٹریلیا کے نئے اینٹی کرپشن کوڈ کی زد میں آنے والی پہلی پلیئر ہیں، اس کوڈ کے تحت کھلاڑیوں پر کسی بھی کرکٹ مقابلے پر جوا کھیلنے پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔

انجیلا ریکس نے مجموعی طور پر 9 ڈالرز مالیت کی پانچ شرطیں لگائی تھیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے 16 آفیشل بیٹنگ پارٹنرز ہیں جوکہ اس کو کسی بھی معاملے کی تحقیق میں معاونت فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ سی اے کی جانب سے انجیلا کو نہ صرف آفیشل طور پر متنبہ کیا گیا ہے بلکہ وہ آنے والے سیزن میں دوسری کرکٹرز کو اینٹی کرپشن کے حوالے سے تعلیم بھی دیں گی اور انھیں اس غلطی سے باز رہنے کو کہیں گی جوکہ انھوں نے کی۔

انجیلا نے رضاکارانہ طور پر اپنی معطل پابندی کو قبول کرلیا ہے جس کی تلوار اب ان کے کیریئرپر لٹکی رہے گی اگر وہ پھر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں تو خود بخود یہ دو سالہ معطل پابندی ان پر لاگو ہوجائے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے اینٹگریٹی یونٹ کے سربراہ ای ین روئے کہتے ہیں کہ تمام الیٹ کرکٹرز کو باقاعدگی سے یہ یاددہانی کرائی جاتی ہے کہ کرکٹ کی کسی بھی طرز پر جوا کھیلنا سخت منع ہے، یہ چیز اینٹی کرپشن ٹریننگ میں بھی واضح کی جاتی اور یہ ہمارے طرز عمل سے متعلق کوڈ کا بھی حصہ ہے، انجیلا تسلیم کرتی ہیں کہ انھوں نے جوا کھیل کر سنگین غلطی کی ہے، وہ تحقیقات کے دوران معاون رہیںاس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ ان حالات میں دو برس کی معطل سزا ہی مناسب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔