تحریک انصاف نے این اے 154 لودھراں کا میدان مارلیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 دسمبر 2015
تحریک انصاف کے جہانگیر خان ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو 39 ہزار 496 ووٹوں سے شکست دی۔ ۔۔  فوٹو : فائل

تحریک انصاف کے جہانگیر خان ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو 39 ہزار 496 ووٹوں سے شکست دی۔ ۔۔ فوٹو : فائل

لودھراں: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے جہانگیر خان ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو 39 ہزار 496 ووٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لودھراں سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 میں ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے جہانگیر خان ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو 93 ہزار 496 ووٹ  سے شکست دے دی ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جہانگیر ترین نےایک لاکھ 13 ہزار 431 جب کہ صدیق بلوچ نے 71 ہزار 984 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

دوسری جانب فتح کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے جہانگیر ترین کے ڈیرے پر خوب جشن منایا اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کامیابی پر لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اربوں روپوں کے حکومتی پیکچ بھی مسترد کردیے جب کہ آج کی فتح سے 2013 کی دھاندلی ثابت ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لودھراں کو ترقی کے راستے پرڈالیں گے اور عمران خان آج ریلی کی صورت میں عوام کو مبارکباد بھی دیں گے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخاب میں صدیق بلوچ آزاد حیثیت سے کامیاب قرارپائے تھے اور پھر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی تھی، صدیق بلوچ کی کامیابی کو جہانگیر ترین نے چیلنج کیا تھا جس پرالیکشن ٹریبونل نے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔