واٹس ایپ کا ویڈیو کالنگ فیچر متعارف ہونے سے پہلے ہی بلاگر نے لیک کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 دسمبر 2015
واٹس ایپ کی ویڈیو کالنگ سروس جلد صارفین کے سامنے ہوگی، بلاگر کا دعویٰ، فوٹو: ڈیلی اسٹار

واٹس ایپ کی ویڈیو کالنگ سروس جلد صارفین کے سامنے ہوگی، بلاگر کا دعویٰ، فوٹو: ڈیلی اسٹار

نیویارک: واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے مسلسل اپنے فیچر کو جدید تقاضوں سے اہم آہنگ کر رہا ہے اور انہیں ایسی سہولتیں فراہم کر رہا ہے جس کے لیے صارفین کو سوشل میڈیا کی دوسری ویب سائٹس پر جانا پڑتا تھا اور اسی کوشش میں اب واٹس ایپ وڈیو کالنگ کا نیا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی واٹس ایپ نے خود اس کا اعلان نہیں کیا البتہ ایک بلاگر نے اس کو پہلے ہی لیک کر کے صارفین کو حیران کردیا ہے۔

جرمن بلاگر کی جانب سے جاری کردہ اسکرین شاٹس میں ویڈیو کالنگ کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں جس میں اس بلاگر کا دعویٰ ہے کہ واٹس ایپ کی ویڈیو کالنگ سروس جلد صارفین کے سامنے ہوگی، اگر بلاگر کی ویڈیو سچ ہے تو پھر اب واٹس ایپ بھی اسکائپ اور ایپلز فیس ٹائم سروس کی طرح ویڈیو کالنگ کی سروس دینے والی کمپنی بن جائے گی۔ بلاگر کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کالر واٹس ایپ سے ویڈیو کالنگ کر رہا ہے جب کہ آپ کی اپنی ویڈیو چھوٹی پری ویو ونڈو میں نظرآرہی ہے۔ ایپل کی فیس ٹائم سروس کی طرح اس میں صارف اپنے کیمرے کا ویو تبدیل کر سکے گا۔

بلاگر کے مطابق واٹس ایپ کی ویڈیو کالنگ کو وائی فائی اور 4 جی ڈیٹا پر استعمال کیا جا سکتا ہے جب کہ اسکرین شاٹس واٹس ایپ کے کے نئے ورژن 2.12.16.2 سے لیے گئے ہیں جسے ابھی واٹس ایپ نے ریلیز نہیں کیا۔

اس سے قبل حال ہی میں واٹس ایپ اسٹار میسجنگ متعارف کرا چکی ہے جس میں صارف میسج کے ذریعے ویب لنک بھیج یا پھر موصول کرسکتا ہے اور اس دوران اس پری ویو ویڈیولنک بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔