اقتصادی راہداری منصوبوں پرہرہفتے پاک چین اجلاس ہوگا

اظہر جتوئی  جمعرات 24 دسمبر 2015
فالو اپ اجلاس کے انعقاد کا بڑامقصد کام کی رفتار کو تیز کرنا ہے تاکہ اہداف کو ٹائم فریم کے اندر مکمل کر لیا جائے۔ فوٹو: فائل

فالو اپ اجلاس کے انعقاد کا بڑامقصد کام کی رفتار کو تیز کرنا ہے تاکہ اہداف کو ٹائم فریم کے اندر مکمل کر لیا جائے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  حکومت نے اقتصادی راہداری پر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان ہر ہفتے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سرمایہ کاروںاور میڈیا کو اطلاعات کی فراہمی کے لیے اقتصادی راہداری کی کمیونی کیشن وزارت منصوبہ بندی کے حوالے کر دی ہے تاکہ کسی بھی منصوبے کے بارے میں کوئی معلومات درکار ہوتوون ونڈو آپریشن کے تحت فراہم کی جا سکے۔

وزارت منصوبہ بندی کے حکام کے مطابق سی پیک کے منصوبوں اوران پر عملی اقدامات کے آئیڈیاز پر تبادلہ خیال کے لیے حکومت نے فالو اپ اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جو ہر ہفتے منعقد ہوں گے، چینی حکام نے بھی اس پر تجویز پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، فالو اپ اجلاس کے انعقاد کا بڑامقصد کام کی رفتار کو تیز کرنا ہے تاکہ اہداف کو ٹائم فریم کے اندر مکمل کر لیا جائے۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر وزارت منصوبہ بندی کے مشیر عاصم خان نیازی نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو میں تصدیق کی کہ اقتصادی راہداری پر ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ بات بھی زیرغور ہے کہ اس حوالے سے میڈیا کو ہر ہفتے بریفنگ دی جائے تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں مختلف ادارے اور وزارتیں شامل ہیں۔

اس کی کمیونی کیشن کی ذمے داری وزارت منصوبہ بندی کے حوالے کر دی گئی ہے، اگر کسی کو کسی بھی منصوبے کے بارے میں معلومات درکار ہوں گی تو بہت ہی کم وقت میں متعلقہ وزارت یا ادارے سے معلومات لے کر فراہم کر دی جائے گی تاکہ غلط فہمیوں کا خاتمہ ہو اور صحیح و تصدیق شدہ معلومات عوام تک فراہم کی جا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔